انسانوں کی بڑی تعداد خلاء میں منتقل ہو جائے گی، جیف بیزوس

نیویارک ،نومبر۔ دنیا کے سب سے بڑی انٹرنیٹ دکان ’’امیزون‘‘ کے مالک اور اپنے ہی خرچے پر خلاء کی سیر کرنے والے دنیا کے امیر شخص جیف بیزوس نے کہا ہے کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب انسانوں کی ایک بڑی تعداد زمین چھوڑ کر خلاء  میں منتقل ہو جائے گی اور صرف منتخب چند گروپس ہی زمین پر رہ جائیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے وقتوں میں زمین ایک ایسا سیارہ بن جائے گی جہاں لوگ صرف سیر سپاٹے کیلئے ہی آئیں گے، انسان سلنڈر نما گھومتی ہوئی لمبی اور بڑی کالونیوں میں رہیں گے جو خود ہی اپنی کشش ثقل بنائیں گی۔ جیف بیزوس کا کہنا تھا کہ زمین ایک خوبصورت سیارہ ہے جسے انسانوں کو بگاڑنا نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اْن کی کمپنی بلیو اوریجن کا ویڑن بھی یہی ہے کہ انسانوں کو خلاء میں منتقل کیا جائے، لاکھوں کروڑوں لوگ خلاء میں رہ کر کام کریں اور سکونت اختیار کریں، اور آنے والے وقتوں میں ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزرتے وقت اور صدیوں کے ساتھ ہماری نسلیں خلاء میں پیدا ہوں گی، یہ اْن کا پہلا گھر ہوگا، یہ لوگ ویسے ہی زمین گھومنے کیلئے آئیں گے جیسے امریکی باشندے یلو اسٹون نیشنل پارک گھومنے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلینڈر نما کالونیوں میں اپنے جنگلات اور دریا ہوں گے۔ جیف بیزوس نے پرنسٹن کے ماہر طبعیات جیرارڈ او نیل کا حوالہ دیا جنہوں نے 1976ء میں پیشگوئی کی تھی کہ انسان ایک نہ ایک دن خلا کو اپنا مستقل ٹھکانا بنا لے گا۔ جیف بیزوس کا کہنا ہے کہ تصور کریں کہ زمین صرف دس ارب لوگوں کو ایک مخصوص حد تک جینے کیلئے وسائل فراہم کر سکتی ہے اس کے بعد ہمیں بالآخر یہ سوچنا ہی ہوگا کہ زمین کو تباہ کیے بغیر ہم کیسے مزید جی سکتے ہیں۔

Related Articles