نام بدلنے والی بی جے پی حکومت کو بدلنے کو تیار ہیں عوام:اکھلیش

غازی پور:نومبر۔ ایک دن پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کئے جانے کے بعد آج سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ نام بدلنے میں ماہر بی جےپی حکومت کو اترپردیش کی عوام بدلنے کو تیار بیٹھے ہیں۔غازی پور سے لکھنؤ تک سماج وادی وجئے یاترا شروع کرنے سے پہلے اکھلیش نے اپنے اتحادی پارٹی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی(ایس۔ بی ایس پی) کے اوم پرکاش راج بھر کے ساتھ ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ وہ آنے والے وقت میں تبدیلی کی لہر دیکھ رہے ہیں۔ آنے والے وقت میں اترپردیش میں تبدیلی آئے گی۔ ریاست میں امن و چین کے لئے 2022 میں تبدیلی آکر رہے گی۔بی جے پی حکومت پر پوروانچل ایکسپریس وے کی تعمیر کا جھوٹا سہرہ اپنے سر لینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نام بدلنے میں ماہر اس حکومت نے آدھا ایکسپریس وے تیار کیا ہے۔ یہ ایکسپریس وے یہی نہیں رکے گا۔ اگر گنگا پر بھی پل بنانا پڑے گا تو آگے پل بنا کر کے لوگوں کو جوڑنے کا کام کریں گے۔ حقیقت میں اس ایکسپریس وے کی تعمیر کا خواب سماجوادیوں نے دیکھا تھا جس کا مقصد تھا یہاں سے دہلی۔لکھنؤ کی دوری کم ہوجائے۔ یہ صرف دوری کم نہیں کرے گا بلکہ خوشحالی کا ایکسپریس وے ہوگا۔ ایس پی کی حکومت آنے پر ایکسپریس وے کے کنارے منڈی بنے گی جس سے کسانوں کو کھیت میں پیدا پروڈکٹ کو لانے لے جانے میں آسانی ہو اور مناسب قیمت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ بی جےپی حکومت میں جو ہورہا ہے وہ کسی سے چھپا نہیں ہے۔ غریب کو ہوائی جہاز میں سیر کرانے کا خواب دکھانے والی بی جے پی نے ڈیزل پٹرول مہنگا کردیا جس سے عام آدمی موٹر سائیکل سے بھی نہیں چل پارہا ہے۔ کھاد میں چوری ہورہی ہے۔ کسانوں کو ڈی اے پی نہیں مل پارہی ہے۔ اس ریاست میں بل اور بلڈوزر چل رہا ہے۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دینے کا کام کیا ہے۔ جو وعدے کئے گئے وہ پورے نہیں کئے گئے ہیں۔ آج بھی سنگ بنیاد کررہے ہیں۔ سماج وادیوں کے نام کا افتتاح کررہے ہیں۔ ایس پی حکومت میں جو کام ہوئے تھےوہ بھی آج پورے نہیں کرپارہے ہیں۔ نام بدلنے والی حکومت کو بدلنے کا سب مل کرکام کریں گے۔

Related Articles