میانمار میں زیر حراست امریکی صحافی کو 11 برس قید کی سزا
نیپیداؤ ،نومبر۔ میانمار میں امریکی صحافی کو 11برس کی سزائے قید سنا دی گئی۔ مئی میں گرفتار کیے گئے ڈینی فنسٹر پر الزام تھا کہ وہ غیر قانونی رابطوں اور عوام کو فوجی حکومت کے خلاف اکسانے کے علاوہ ویزا قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تھا۔ فنسٹر پر بغاوت اور دہشت گردی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ 37سالہ فنسٹر ایک برس سے فرنٹئر میانمر نامی ایک ادارے سے منسلک تھا اور اسے مئی میں ینگون کے ہوائے اڈے سے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ اپنے گھر والوں سے ملنے امریکا جا رہا تھا۔اس سے قبل امریکی صحافی کے وکیل نے بتایا ہے کہ عدالت میں ان کے مؤکل کے خلاف دہشت گردی اور بغاوت پر اکسانے جیسے 2نئے الزامات عائد گئے ہیں۔ 37سالہ فینسٹر کے خلاف نئے الزامات ایک ایسے وقت عائد کیے گئے ہیں کہ جب سابق امریکی سفارت کار اور یرغمالیوں سے مذاکرات کے ماہر بل رچرڈسن نے میانمار کے دارالحکومت میں فوجی جنرل من آنگ ہلینگ سے چند روز قبل ہی ملاقات کی ہے۔ یاد رہے کہ میانمار کی فوج نے یکم فروری کو بغاوت کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور آنگ سان سوچی اور ان کی منتخب حکومت کے سینئر عہدے داروں کو حراست میں لے لیا تھا۔