بی سی سی آئی چار دسمبر کی اے جی ایم کے دوران لوک پال کی تقرر ی کرے گا

نئی دہلی، نومبر۔کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) آئندہ چار دسمبر کو ہونے والی اپنی 90 ویں سالانہ جنرل میٹنگ(اے جی ایم) میں لوک پال کی تقرری کرے گا۔ کرک بز کے مطابق بی سی سی کے سکریٹری جے شاہ کی طرف سے سنیچر کو ای میل کے ذریعہ بھیجے گئے خط میں کرکٹ ایسوسی ایشنوں کو اے جی ایم کے ایجنڈے کی معلومات دی گئی ہے، جس میں لوک پال اور ایتھکس افسر کی تقرری ایک اہم نکتہ ہے۔ دراصل بی سی سی آئی میں اس وقت لوک پال نہیں ہے۔ جبکہ یہ ایک آئینی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ ریٹائرڈ جج ڈی کے جین حال تک لوک پال تھے لیکن ان کی مدت کار کچھ مہینے پہلے ختم ہوگئی تھی۔ ان کی جگہ پر اب تک کوئی تقرری نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی انہیں ایکسٹنشن دیا گیا ہے۔ خط میں اے جی ایم کامقام کولکتہ ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ایجنڈے کے آئٹم پانچ میں ایک دلچسپ نکتہ ’سلیکٹروں کی تقرری پر اپ ڈیٹ کرنا‘ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئی بھی سلیکٹر اپنی مدت کار مکمل نہیں کرنے والا ہے۔ چیتن شرما کی صدارت والی سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین کی مدت کار مکمل ہونے میں کم ازکم ایک سال باقی ہے۔ٹی۔20عالمی کپ فائنل اور آئی سی سی کی میٹنگوں کے لئے دوبئی میں موجود بی سی سی آئی کے عہدیداران کی طرف سے فوری طورپر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے لیکن ریاست کے ایک افسر نے کہاہے کہ اے جی ایم میں جونیئر سلیکٹروں کی تقرری بھی ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ اس سال ستمبر میں بی سی سی نے ایس شرتھ (صدر)، کشن موہن، رانا دیب بوس، پتھیک پٹیل اور ہروندر سنگھ سوڈی(ممبر) کے ساتھ جونیئر سیلیکشن کمیٹی قائم کی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ بی سی سی آئی کے گھریلو اجلاس (2021-22)، آئی سی سی ٹی۔20عالمی کپ 2021، ہندستان کے مستقبل دورے پروگرام (ایف ٹی پی) اور سینئر ہندستانی مرد کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کی تقرری سے متعلق معاملات پر اپڈیٹ ایجنڈے کے اہم دیگر نکات ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اے جی ایم میں انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی گورننگ کاونسل میں جنرل باڈی کے دو نئے اراکین اور انڈین کرکٹرس ایسوسی ایشن(آئی سی اے) کے ایک نمائندے کو بھی شامل کیا جائے گا۔

Related Articles