شاہ رخ ایک بچے کی زندگی بچا کر میرے تاحیات سپر اسٹار بن گئے، ہنسل مہتا

ممبئی ،نومبر۔معروف بھارتی ڈائریکٹر ہنسل مہتا نے بھارتی سپر اسٹار شاہ ر خ خان کو ان کی 56 ویں سالگرہ پر مبارک باد دیتے ہوئے ٹویٹر پر پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح کنگ خان نے کسی کے علم میں لائے بغیر ایک بچے کی زندگی بچائی۔ٹویٹر پر جاری پیغام میں ہنسل مہتا نے کہاکہ آج میں آپ کو بتاؤں گا کہ میں شاہ ر خ خان کو ہمیشہ پیار کیوں کرتا رہوں گا ، میری ایس آر کے سے صرف تین بار بات چیت ہوئی ہے ، ایک مرتبہ ٹویٹر پر اور ایک مرتبہ ایک تقریب کے دوران مختصر بات چیت ہوئی ، تیسری بار ہونے والی ملاقات میں وہ میرے لیے تاحیات سچے سپر سٹار بن گئے ، میں ایک بچے کی زندگی بچانے کیلئے مدد طلب کر رہا تھا جسے ٹیومر تھا اور فوری طور پر سرجری کیلئے مالی امداد کی ضرورت تھی۔ہنسل مہتا کا کہناتھا کہ میں نے تقریبا آدھی رات کو اس کے بارے میں ٹویٹ کیا اور پھر سو گیا، میں اس دن صبح کے وقت ہریانہ میں شوٹنگ میں مصروف تھا ، تو اس دوران میرے موبائل پر تین مس کالز آئیں ، نمبر میرے لیے نامعلوم تھا، کال کرنے والے نے انتہائی عاجزانہ لہجے میں واپس کال کرنے کا پیغام چھوڑا تھا، یہ میسج شاہ ر خ خان کی طرف سے تھا ، میں نے انہیں واپس کال کی توشاہ ر خ خان نے کہا اس بچے کی ہر ضرورت کو میں پوری کروں گا۔ڈائریکٹر نے بتایا کہ کچھ گھنٹوں سے بھی کم وقت میںاسپتال کو پیسے ٹرانسفر کر دیئے گئے ، کسی کو نئی زندگی مل گئی ، خاموشی سے ، ایسا ہی کچھ چند ماہ کے بعد دوبارہ ہوا، اس مرتبہ ایک اور زندگی کو بچایا گیا، جس شخص کی دنیا مداح ہے اس کے ساتھ میرا پیشہ وارانہ تعلق نہ ہونیکے باوجود وہ ہمیشہ کیلئے میرے دل میں گھر کر چکے ہیں اور ایسا ان کے بڑے دل اور انسانیت کے درد کے باعث ہے۔ایک اسٹار کو اس کی فلمز اور خوبصورتی کے باعث پسند کیا جاتاہے لیکن میرے لیے سپر سٹار وہ ہے جو دوسروں کی مدد کرتاہے اور انسانیت کا درد رکھتا ہے۔ جب میں نے ان کا شکریہ ادا کیا تو انہوں نے صرف یہ کہا کہ میرے پاس بہت ہے اور جو میں نے کیا ہے وہ سب سے کم ہے۔

Related Articles