اتر پردیش کو جرائم سے پاک کر نےکا کام کیا
مافیاؤں کوٹھکانے لگانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے:یوگی
شاملی:نومبر۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہےکہ جرائم پیشہ افراد کے تئیں زیرو ٹالیرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مافیا عناصر کو ٹھکانے لگانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔کیرانہ واقع وجے سنگھ پتھک سرکاری کالج میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتےہوئے یوگی نے پیر کو کہا کہ کیرانہ سے مجرمین کے خوف سے نقل مکانی کر کے گئے پریواروں نے دوبارہ گھر واپس لوٹنا شروع کردیا ہے۔ اس وقت کی حکومت کی وجہ سے سیاست میں مجرمین کی پناہ کی سزا اترپردیش کے کیرانہ جیسے قصبوں کے لوگوں نے جھیلا ہے۔ یہاں پر ہندو کاروباریوں کے ساتھ دیگر ہندوؤں کو ستایا گیا۔ جس کی وجہ سے وہ کیرانہ سے نقل مکانی کو مجبور ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سال 2017 کے بعد حکومت کی جانب سے مجرمین کے خلاف زیرو ٹالیرنس کی پالیسی اپنائی گئی جس کے بعد قصبے میں قائم امن کے بعد بہت سے کنبے واپس لوٹ آئے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہے کہ سال 2017 کے دوران جب میں کیرانہ میں آیاتھا تو یہاں کے لوگوں نے پی اے سی و فائرنگ رینج کی تعمیر کا مطالبہ کیا تھا۔ عوام کے مطالبے اور ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے ان کی حکومت نے کیرانہ میں پی اے سی و فائرنگ رینج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ کر عوام سے کیا وعدہ پورا کیا ہے۔یوگی نے کہا کہ حکومت مجرمین کے خلاف جس پالیسی سے فی الحال کام کررہی ہے۔ آگے بھی اسی طرح مجرمین کو ٹھکانے لگانے میں کوئی کس باقی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین میں جو یقین دکھائی دے رہا ہے وہ آگے رنگ دکھائےگا۔انہوں نے کہا کہ کیرانہ میں جام کی جو شکایت رہتی تھی اسے ہم نے ہائی وے کی تعمیر کرا کے ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ اب یہاں پر کاروبار بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ، سب کا وکاس کےمنتر پر کام کررہے ہیں جو ہمیں لے کر آگے جائیں گے۔ سابق ایس پی حکومت میں جن کنبوں کے اوپر ظلم ہوا تھا۔ اور جن کے پریوار کے لوگوں کا قتل کیا گیا تھا۔ انہیں معاوضہ دیا جائےگا اس طرح کے معاملوں کی رپورٹ حکومت کی جانب سے طلب کی گئی ہے۔