ہماچل میں کلاس 3 سے سات تک کے اسکول 10 نومبرسےکھلیں گے
شملہ نومبر۔ ہماچل پردیش حکومت نے تیسری سے ساتویں کلاس کے لئے 10 نومبر سے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ پہلی سے دوسری جماعت کے لئے اسکول 15 نومبر سے کھلیں گے۔وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر کی صدارت میں آج یہاں کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ تقریباً 19 ماہ بعد ریاست میں چھوٹی کلاسوں کے اسکول کھلنے جارہے ہیں۔ ریاست میں کورونا وبا کی وجہ سے مارچ 2019 سے اسکول بند ہیں۔ تاہم آٹھویں سے بارہویں جماعت کے اسکول گزشتہ 27 ستمبر کو کھل گئے تھے۔ لیکن اسکول کھلنے کے بعد سے طلباء کے کورونا انفیکشن کی زدمیں آنے کے معاملے سامنے آرہے ہیں۔ ریاست میں منڈی کی ایک پارلیمانی سیٹ اور ضلع کانگڑا کی فتح پور، سولن ضلع کی ارکی اور شملہ کی جبل کوٹکھائی اسمبلی سیٹوں کے لیے 30 اکتوبر کو ہوئے ضمنی انتخابات میں ریاست میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکست کے بعد ریاستی حکومت کی یہ پہلی کابینہ میٹنگ ہے۔