ترک صدرایردوآن باسکٹ بال کھیلتے ہوئے

خرابیِ صحت سے متعلق افواہیں دم توڑگئیں

استنبول،نومبر۔ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے جمعہ کے روزاستنبول میں صدر رجب طیب ایردوآن کی نوجوان مردوخواتین کے ایک گروپ کے ساتھ باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔اس سے چندروزپہلے ان کی صحت خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔صدر ایردوآن کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پراس وقت پھیل گئیں جب گذشتہ ہفتے ایک سرکاری تقریب میں ان کی بڑی احتیاط سے چلنے کی ویڈیوزٹویٹر پر پوسٹ کی گئی تھیں، صارفین نے ہیش ٹیگ #olmus (ترکی میں مردہ) استعمال کیا تھا۔ترک سائبر پولیس نے بدھ کے روزاس حوالے سے سوشل میڈیا پرپوسٹوں کی تحقیقات کا آغازکردیا تھا۔اس نے کہا کہ وہ ان 30 افراد کی تحقیقات کررہے ہیں جنھوں نے اس ہیش ٹیگ کو استعمال کیا یا اس کو ری ٹویٹ کیا تھا۔67 سالہ صدرایردوآن کی صحت کے بارے میں برسوں سے افواہیں گردش کررہی ہیں، ان کے ایک ڈاکٹرنے2011 میں اس بات کی تردید کی تھی کہ وہ کینسرکے موذی مرض میں مبتلا ہیں۔ترک صدرنے اسی سال معدے کی لیپروسکوپک سرجری کرائی تھی۔اکتوبر میں بھی ان کی صحت کے بارے میں افواہیں پھیل گئی تھیں اور اس وقت صدر ایردوآن کے دفترابلاغیات نے ان کی باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔

Related Articles