یوراج سنگھ 22 گز کی پچ پر دوبارہ واپس آئیں گے، انسٹاگرام پر انکشاف
نئی دہلی، نومبر۔بھارت کے عظیم کرکٹر یووراج سنگھ نے اگلے سال فروری میں پچ پر واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان کر کے پوری کرکٹ کی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ یووراج نے انسٹاگرام پر انکشاف کیا کہ وہ لوگوں کی مانگ پر واپسی کر رہے ہیں، جس سے شائقین قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ کیا دو بار ورلڈ کپ جیتنے والا اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد اپنا کیریئر دوبارہ شروع کرنے والا ہے۔ 39 سالہ کھلاڑی نے انگلینڈ کے خلاف کٹک میں اپنی 150 رنز کی اننگز کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’بھگوان آپ کی قسمت کا فیصلہ کرتا ہے! عوام کے مطالبے پر فروری میں دوبارہ میدان پر آؤں گا! اس سے بہتر اور کیا ہو سکتا ہے! آپ کی محبت اور نیک خواہشات میرے لیے بہت معنی رکھتی ہیں! ہندوستان کو سپورٹ کرتے رہیں، یہ ہماری ٹیم ہے اور ایک سچا پرستار مشکل وقت میں اپنی ٹیم کا ساتھ نہیں چھوڑتا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یوراج ہندوستان کے لیے کھیلنے کے لیے واپس آئیں گے یا ٹی ٹوئنٹی لیگ میں واپسی کریں گے۔ لیکن شائقین ابھی سے پرجوش ہیں کہ وہ اسٹار بلے باز کو ایک بار پھر کرکٹ پچ پر کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔