ہنر ہاٹ ملک کے دستکاروں او رہنرمندوں کو روزگار فراہم کرنے والا معتبر پلیٹ فارم: نقوی
دہرہ دون، اکتوبر۔ ’اتّراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے’ سوَدیشی “ اور ” ووکل فار لوکل “ کے قومی برانڈ ، ” ہنر ہاٹ “ کاافتتاح آج دہرہ دون میں کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے اقلیّتی امور اور ڈپٹی لیڈر ، راجیہ سبھا مختار عبّاس نقوی بھی موجود تھے۔ مسٹر مختار عباس نقوی نے اس سلسلے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ” ہنر ہاٹ “، وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ” سودیشی سواوَلَمبن “ اور ” ووکل فار لوکل “ کے منصوبے کو مضبوطی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے دستکاروں، ہنرمندوں کو روزگار دینے اور ان کی ہاتھوں سے بنی شاندار مصنوعات کو بازار مہیّا کرانے کا ایک ” مستند اورمعتبر پلیٹ فارم “ ثابت ہوا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ گذشتہ تقریباً چھ برسوں میں ” ہنر ہاٹ“ سے پانچ لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ دستکاروں، ہنرمندوں ، کاریگروں اور ان سے وابستہ افراد کو روزگار اور روزگار کے مواقع مہیّا کرائے گئے ہیں۔ ” ہنر ہاٹ “ اِی۔ پلیٹ فارم http://hunarhaat.org کے ساتھ ہی GeM پورٹل پر بھی ملک میں اور غیر ممالک کے افراد دیکھ اور خرید رہے ہیں۔ ”ہنر ہاٹ“ کو اِی پلیٹ فارم اور GeM پورٹل پر لے جانے کے بہت ہی زبردست نتائج آئے ہیں، دستکاروں اور ہنرمندوں کو بڑے پیمانے پر آن لائن آرڈر مل رہے ہیں۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ دہرادون کے بعد ، ۰۱/ نومبر سے برَج رَج مہوتسَو ، ورِنداوَن ، 12 نومبر سے 21/ نومبر کے بیچ لکھنؤ ، 14/ نومبر سے 27/ نومبر، پرَگَتی میدان، نئی دِلّی، 26/ نومبر سے 5 دسمبر تک حیدرآباد،10/ دسمبر سے 19/ دسمبر تک سورت اور 22/ دسمبر 2021 سے 02/ جنوری 2022 تک نئی دِلّی میں ” ہنر ہاٹ “ کا انعقاد ہو گا۔ اِس کے علاوہ ” ہنر ہاٹ “ کا انعقاد میسورو، گواہاٹی ، پونے ، احمدآباد، بھوپال، پٹنہ، پدّو چیری ، ممبئی، جَمّوں، چینّئی ، چنڈی گڈھ، آگرہ، پریاگ راج، گوا، جے پور، بنگلورو، کو ٹا، سِکِّم ، سری نگر، لیہہ، شیلانگ، رانچی، اگر تلہ اور دیگر مقامات پر بھی ہو گا۔ گرو نانک پبلک گرلز اِنٹر کالج گراؤنڈ (کُھر بُر ا) ، ریس کورس دہرادون میں 29 اکتوبر سے7 نومبر تک چلنے والے اس ” ہنر ہاٹ“ کے افتتاح کے موقع پر لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال ، اتّراکھنڈ کے سابِق وزیرِ اعلیٰ اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ تیرتھ سنگھ راوت، ایم۔ایل۔اے اور اتّراکھنڈ کے سابِق وزیرِ اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت، لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ اَجے ٹمٹا اور محترمہ مالا راج لکشمی شاہ، راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ نریش بنسل اور انل بلونی، ایم ایل اے مدن کَوشِک ، مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کی سکریٹری محترمہ رینوکا کمار اور دیگر اعلیٰ افیسران موجود تھے۔ دہرادون میں منعقدہ ” ہنر ہاٹ“ میں 30 سے زیادہ ریاستوں اور مراکز کے زیرِ انتظام ریاستوں کے تقریباً 500 دستکاروں، ہنرمندوں اور کاریگر وں کے ہاتھوں سے بنی دیسی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لئے آئے ہیں۔ اِس 30 ویں ” ہنر ہاٹ “ میں اتّر پردیش ، اتّراکھنڈ ، راجستھان، دِلّی، ناگالینڈ ، مدھیہ پردیش ، منی پور ، بہار، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، گوا ، پنجاب، لدّاخ، کرناٹک ، گجرات، ہریانہ، جمّوں۔کشمیر، مغربی بنگال، مہاراشٹر، چھتّیس گڈھ ، تاملناڈو، کیرالہ اور دیگر علاقوں سے ہنر کے استاد کاریگر اپنے ساتھ لکڑی، براس، بانس، شیشے، کپڑے، کاغذ، مِٹی وغیرہ کی شاندار مصنوعات لے کر آئے ہیں۔ دہرادون جیل کے قیدیوں کے ذریعہ بنائی گئی ہاتھوں کی مصنوعات بھی ” ہنر ہاٹ “ میں رہیں۔ ملک بھر میں منعقد ہونے والے ” ہنر ہاٹ “میں ” وِشوَ کرما واٹکا “ میں ملک بھر کے شلپکاروں، مجسّمہ سازوں، سنگتراشوں، لوہار، بڑھئی ، ماٹی کلا، سنہرے۔کانسے، کانچ ، براس کے فن وغیرہ جیسے سینکڑوں روایتی کاموں سے عوام رو بہ رو ہو رہے ہیں۔ ” ہنر ہاٹ “ میں ” کباڑ سے کمال “ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پھینک دیئے جانے والے لوہے، رَبر، پلاسٹک ، کپڑے، شیشے، پیتل ، تانبہ، سیرامِک، لکڑی وغیرہ سے تیار کردہ اشیاء ، ”ہنر ہاٹ“ آنے والے لوگ دیکھ اور خرید سکیں گے۔ ملک کے ہر کونے کے روایتی پکوانوں کا سیکشن ”باورچی خانہ“ میں ایک ہی جگہ پر ہندوستان کی تمام ریاستوں کے روایتی پکوان موجود ہوں گے۔ اِن روایتی پکوانوں میں اَوَدھ ، رام پور، حیدر آباد ، مہاراشٹر، گوا، بہار، راجستھان، شمال مشرق، اوڈیشہ، اتّراکھنڈ، مغربی بنگال، مدّھیہ پردیش ، دِلّی، ہریانہ، پنجاب، میسورو، کیرل وغیرہ کے لذیذ کھانوں کا لوگ ذائقہ لے سکیں گے۔ دہرادون میں منعقدہ ” ہنر ہاٹ “ میں ہر روز شام میں مشہور وَ معروف فنکار مثلاً کیلاش کھیر، دَلیر مہدی، پنکج اودھاس ، سودھیش بھونسلے، وِنود راٹھور، ریکھا راج، رانی اِندرائنی، پریم بھاٹیہ، بھوپندر سنگھ بھوپی ، ہمسر حیات، جیسے مشہور وَ معروف فنکار گیت موسیقی۔غزل کے پروگرام پیش کریں گے۔