یدی یورپا کی مسلمانوں سے بی جے پی کا ساتھ دینے کی اپیل
وجے پورہ ، اکتوبر۔کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نےریاست میں ضمنی انتخابات کے پیش نظر جمعرات کو مسلم ووٹروں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی یہ کہتے ہوئے حمایت کرنے کی اپیل کی کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے مرکزی منصوبوں سے اقلیتوں سمیت ہر فرقے کے افراد مستفید ہوئے ہیں۔ یدی یورپا نے یہاں صحافیوں سے کہا ،’میں نے اپنے سیاسی کریئر میں مسلمانوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی ہے۔ برائے مہربانی مجھے ایک مثال دیں جہاں نریندر مودی حکومت کی شروع کردہ اسکیموں سے صرف ہندوؤں نے فائدہ اٹھایا ہے اور مسلمانوں کو کوئی فائدہ نہ ملا ہو‘۔انہوں نے کہا ، ’میں صرف مسلمانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم نے مسلمانوں سمیت تمام فرقوں کے لیے بہت سی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ اسی لیے میں ان ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس سچ کو جانیں اور بی جے پی کی حمایت سابق وزیراعلیٰ نے خاص طور پر وزیر اعظم کے اس منصوبے کا حوالہ دیا جس میں اقلیتوں کو پانچ کروڑ وظائف کی فراہمی ، اقلیتی اکثریتی علاقوں میں اسکول اور کالج بنانے کے ساتھ ساتھ مہارت کی ترقی کے پروگراموں کے ذریعے 25 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے منصوبے کا بھی ذکر ہے۔انہوں نے وزیر اعظم کے اس بیان کی جانب بھی اشارہ کیا کہ مسلمانون کو ووٹ بینک کے طور پر دیکھے جانے کے بجائے اپنا سمجھا جانا چاہیے۔ کانگریس اور جنتا دل (سیکولر) کے رہنماؤں کی طرف سے آر ایس ایس پر زبانی حملے کے بارے میں مسٹر یدی یورپا نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس حکمراں جماعت کو شکست دینے کا کوئی مدعا نہیں ہے ، اس لیے وہ مسلم ووٹروں کو خوش کرنے کے لیے آر ایس ایس پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنتا دل (سیکولر) کے رہنما ایچ ڈی کمار سوامی اور دیگر اپوزیشن لیڈروں کو آر ایس ایس پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ہے جو ملک کی بہتری کے لیے عوامی خدمت کر رہا ہے۔کانگریس کے رہنما سدھارمیا کے ان الزامات پر کہ جنتا دل سیکولر، بی جے پی کی بی ٹیم ہے ، مسٹر یدی یورپا نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا تو مسٹر ایچ ڈی دیوے گوڑا خود ضمنی الیکشن کی مہم نہ چلاتے۔ انہوں نے کہا ، ’کسی کو بھی کسی پارٹی کے بارے میں سستی بات نہیں کرنی چاہیے۔ کم از کم میں اس الزام سے اتفاق نہیں کرتا کہ جنتا دل (سیکولر) بی جے پی کی بی ٹیم ہے‘۔