سنیل نارائن ویسٹ انڈیز کی عالمی کپ ٹیم میں شامل نہیں
دبئی ، اکتوبر۔ سنیل نارائن نے پیر کےروز ایلیمینیٹر میں جس انداز میں کھیل کا مظاہرہ کیا وہ آئی پی ایل کی بہترین انفرادی کارکردگی میں سے ایک تھی۔ اس کے باوجود ویسٹ انڈیز نے جمعہ کے روز آئی سی سی کی ڈیڈ لائن سے پہلے انہیں آئندہ مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا ۔ نارائن نے پیر کے روز آر سی بی کے خلاف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جس میں وراٹ کوہلی ، اے بی ڈی ویلیئرز اور گلین میکسویل کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔ نارائن نے رائل چیلنجرز بنگلور کو شارجہ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز کے چھوٹے اسکور تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے بعد جب وہ بلے بازی کرنے آئے تو انہوں نے 3 گیندوں میں 3 چھکے لگائے حالانکہ ان تین گیندوں کے درمیان 1 وائیڈ گیند بھی تھی ۔ متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے ، انہوں نے آٹھ میچوں میں 6.12 رنز فی اوور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔نارائن نے مختلف وجوہات کی وجہ سے اگست 2019 سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلا ہے۔ منگل کے روز دبئی میں موجود ویسٹ انڈیز کے کپتان اور نارائن کے قریبی دوست ، کیرون پولارڈ نے نارائن کو ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پرمزید تفصیل بتانے سے انکار کردیا۔ تاہم ، انہوں نے اشارہ دیا کہ 15 رکنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہتر ہے کہ ہم ان 15 کھلاڑیوں کے بارے میں سوچیں ، جو ہمارے پاس ہیں۔ یہ زیادہ اہم ہے۔ ہمیں انہی کھلاڑیوں کے ساتھ یہ سوچنا ہوگا کہ ہم اپنے خطاب کا دفاع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پر میرا کوئی تبصرہ نہیں ہے۔ اس پر کافی کچھ کہا جاچکا ہے۔ کئی لوگوں نے ان کے ٹیم میں شامل نہ ہونے کی وجہ بتائی ہے۔ میں ذاتی طور پر سنیل نارائن کو بین الاقوامی کرکٹ سے پہلے ایک دوست کے طور پر جانتا ہوں۔ہم نے ایک ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔ وہ ایک عالمی سطح کے کھلاڑی ہیں۔