گزشتہ ماہ نامعلوم شخص کے حملے میں زخمی ہونے والی اداکارہ کیٹی پرائس صحت مند ہوتے ہی کہاں پہنچ گئیں؟
لندن،ستمبر۔ برطانیہ کی معروف اداکارہ کیٹی پرائس پر گزشتہ ماہ ایک نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر حملہ کر دیا تھا اور شدید زخمی کر دیا تھا۔صحت مندی کے بعد اب اداکارہ اپنے منگیتر کارل ووڈ کے ساتھ چھٹیاں منانے ترکی پہنچ گئی ہیں۔ دی سن کے مطابق 43سالہ اداکارہ اپنے منگیتر کے ہمراہ گزشتہ روز برطانیہ سے ترکی روانہ ہوئیں جہاں وہ جمعہ تک چھٹیاں منانے کے بعد واپس پہنچ جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیٹی پرائس گزشتہ ماہ پیش آنے والے واقعے کو ذہن سے نکالنے کی کوشش میں ترکی چھٹیاں منانے گئی ہیں۔ انہیں اپنے ذہن کو صاف کرنے کے لیے چند دن درکار تھے، چنانچہ انہوں نے کارل کے ہمراہ ترکی چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کیا۔ وہ چاہتی تھیں کہ اس خوفناک واقعے کے بعد بھی وہ اسی جگہ جائیں جہاں وہ اپنی سرجری کے بعد گئی تھیں۔ وہ ہفتے کے اختتام پر اپنی میک اپ کلاسز کے لیے برطانیہ پہنچ جائیں گی۔ واضح رہے کہ پولیس نے کیٹی پرائس پر حملے کے الزام میں ایک 30سالہ آدمی کو حراست میں لے رکھا ہے اور تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزم نے رات ڈیڑھ بجے کے قریب کیٹی پرائس کے گھر میں گھس کر اس پر حملہ کیا تھا اور اداکارہ نے گھر سے باہر بھاگ کر جان بچائی تھی۔اس حملے میں اداکارہ کو کافی زخم بھی آئے اور انہیں فوری ہسپتال لیجایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔