خاتون نے کارتک کو شادی کیلئے 20 کروڑ روپے کی پیشکش کردی

ممبئی،مارچ۔بالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو کارتک آریان کو ان کی خاتون مداح نے شادی کے لیے 20 کروڑ روپے کی پیشکش کردی۔کارتک آریان کو شادی کی پیشکش انسٹاگرام پوسٹ کے کمنٹس میں کی گئی جس کے بعد اداکار نے انسٹاگرام پر ہی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ننھی اداکارہ عنایت ورما ‘دھماکا’ فلم میں کارتک کا ڈائیلاگ کہہ رہی ہیں۔اسی پوسٹ پر خاتون مداح نے کمنٹ کیا کہ ‘مجھ سے شادی کرلیں، آپ کو 20 کروڑ روپے دوں گی’، اس کے جواب میں اداکار نے قہقہے والے ایموجی بناتے ہوئے سوال کیا کہ ‘کب’۔اداکار کو اس دلچسپ پیشکش ملنے کے بعد کئی مداحوں نے خاتون کے کمنٹ کو لائک کیا اور ساتھ ہی اپنے تبصرے بھی پیش کیے، کچھ صارفین نے تو کارتک کو یہ پیشکش فوراً قبول کرنے کا مشورہ دیا۔واضح رہے کہ کارتک آریان ان شوبز شخصیات میں شامل ہیں جن کے مداح انہیں خوب چاہتے ہیں، کارتک کی ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جو انہوں نے خود شیئر کی تھی۔ویڈیو میں دو لڑکیاں اداکار کے گھر کے باہر کھڑے ہوکر انہیں آواز دے رہی تھیں جس کے بعد کارتک اپنے گھر سے مسکراتے ہوئے باہر آئے اور مداح خواتین کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

Related Articles