سونو سود 20 کروڑ روپے ٹیکس چوری میں ملوث نکلے
ممبئی،ستمبر۔ بالی وڈ اداکار و سماجی کارکن سونو سود کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔محکمہ انکم ٹیکس نے تین دن تک اداکار سونو سود کے گھر اور ان سے منسلک چھ سے زائد مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے بینک کھاتوں، ان سے ہونے والی ٹرانزیکشنز اور دیگر مالی لین دین کے کاغذات کی چھان بین کی۔ انکم ٹیکس کی ٹیم نے ممبئی، لکھنؤ، کان پور، جے پور، دہلی اور گڑگاؤں میں کارروائیاں کیں۔محکمہ انکم ٹیکس نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو تین روز تک مسلسل تلاشی کے بعد ایسے ثبوت ملے ہیں جن کے مطابق سونو سود نے 20 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کی ہے، سونو سود نے ٹیکس سے بچنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کیے۔