بھارت اور انگلینڈ کا آخری ٹیسٹ منسوخ ہونے میں آئی پی ایل کا کوئی کردار نہیں: گنگولی
ممبئی، ستمبر,بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ منسوخ ہونے میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا کوئی کردار نہیں۔بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے گنگولی نے کہا کہ بھارتی ٹیم کیکھلاڑیوں نے کورونا وبا کے خدشات کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف پانچواں اور آخری ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا لیکن اس فیصلے میں آئندہ منعقد ہونے والی آئی پی ایل نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کر دیا تھا لیکن آپ ان پر الزام نہیں لگاسکتے۔بی سی سی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ کہ بھارتی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ کھلاڑیوں کے بہت قریب تھے اور وہ کھلاڑیوں کے ساتھ آزادانہ طور پر گھلتے ملتے تھے، جب کھلاڑیوں کو معلوم ہوا کہ فزیو یوگیش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو کھلاڑی خوف زدہ ہوگئے تھے، انہیں خدشہ تھا کہ وہ بھی اس بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔گنگولی نے منسوخ شدہ ٹیسٹ میچ اگلے سال منعقد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نیآخری ٹیسٹ منسوخ ہونے کی ایک وجہ آئی پی ایل کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی کھلاڑی آئی پی ایل سے قبل مثبت ٹیسٹنگ سے خوفزدہ تھے جو کہ 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارارت میں شروع ہونا ہے۔ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیریسن نے کہا ہے کہ پانچویں ٹیسٹ کی منسوخی کا آئی پی ایل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔یاد رہے کہ بھارت کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل تھی اور پانچواں ٹیسٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے اب چار میچوں کی سیریز بھارت کے نام رہی۔بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹیسٹ 10 ستمبر سے اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہونا تھا لیکن میچ کے شروع ہونے سے 2 گھنٹے قبل بھارتی ٹیم کے فزیوتھراپسٹ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ منسوخ کردیا تھا۔