وسطی امریکہ میں طوفان، بگولوں سے تباہی، دو افراد ہلاک
واشنگٹن،اپریل۔امریکہ کی مختلف ریاستوں میں تباہی پھیلانے کے بعد طوفان نے اب وسطی امریکہ کا رخ کرلیا ہے اور بدھ کو بگولوں، تیز ہواؤں اور ڑالہ باری سے وسطی حصوں میں کم از کم دو افراد ہلاک جب کہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور ہزاروں افراد بجلی سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔نیشنل ویدر سروس نے بدھ کی شام کو اوکلاہوما، کنساس اور آئیووا میں بگولوں اور شدید گرج چمک کی وارننگز جاری کرنا شروع کی تھی اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا کہنا تھا۔وسطی اوکلاہوما کے علاقوں شونی اور کول میں بدھ کی رات آئے بگولوں نے تباہی مچائی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مکلین کاؤنٹی کے چھوٹے سے قصبے کول میں کم از کم دو افراد ہلائے ہوئے ہیں جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں، تاہم زخمیوں کا تعداد کا ابھی واضح نہیں ہے۔طوفان کے باعث بجلی کی لائنیں ٹوٹ گئیں، درخت اکھڑ گئے اور گھروں اور کئی عمارتوں کو بری طرح نقصان پہنچا یا وہ تباہ ہوگئے۔بگولوں نے شونی میں اوکلاہوما بیپٹسٹ یونیورسٹی اور ایک ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق شدید موسم کے دوران اوکلاہوما میں 23 ہزار سے زیادہ صارفین کو بجلی کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔مکلین کاؤنٹی شیرف کے مطابق اوکلاہوما سٹی کے جنوب میں رہائشیوں کی زیرزمین پناہ گاہوں میں پھنسنے کی بھی اطلاعات ملیں ہیں جب کہ کئی مقامات پر میل بوکسز اڑ گئے اور ہنگامی عملے کو ایڈریسز تلاش کرنے کے لیے جی پی ایس کا استعمال کرنا پڑا۔واضح رہے کہ موسمِ بہار میں طوفان اور بگولوں نے امریکہ کے جنوب، وسط مغربی اور شمال مشرقی حصوں میں تباہی مچائی تھی جس سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔