ستسپاس اور میدویدیو مونٹی کارلو ماسٹرز سے باہر ہو گئے
مونٹی کارلو، اپریل۔دوسری ترجیح سٹیفنوس ستسپاس اور تیسری ترجیح دانل میدویدیو مونٹی کارلو ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں الٹ پھیر کا شکار ہونے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ٹورنامنٹ کے چاروں ٹاپ ترجیح سیزن کے پہلے کلے کورٹ ٹورنامنٹ کے آخری چار میں پہنچنے میں ناکام رہے۔ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور چوتھی ترجیح کیسپر رْوڈ اس سے قبل جمعرات کو راؤنڈ آف 16 میں باہر ہو گئے تھے۔ دو بار کے دفاعی چیمپئن یونان کے ستسپاس کو ٹیلر فرٹز کے ساتھ اپنے میچ میں 18 غیر ضروری غلطیوں کا سامنا کرنا پڑا اور امریکی فرٹز نے 70 منٹ میں 6-2,6-4 سے جیت کر یونانی کھلاڑی کی 12 میچوں کی جیت کا سلسلہ ختم کردیا۔ یہ فریٹز کی ستسپاس کے خلاف پہلی جیت ہے۔ اس سے پہلے، وہ ستسپاس کے خلاف گزشتہ تینوں میچ ہار چکے تھے۔ سیمی فائنل میں فرٹز کا مقابلہ روس کے آندرے روبلیو سے ہوگا۔ پانچویں ترجیح روبلیو نے جرمن کوالیفائر جان لینارڈ سٹرف کو 6-1,7-6(5)سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی۔ دوسرا سیمی فائنل ڈنمارک کے ہولگر رونے اور اٹلی کے جینک سینر کے درمیان ہوگا۔ رونے نے فارم میں موجود میدویدیو کو 6-3,6-4 سے شکست دے کر اپنے دوسرے ماسٹرز سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ساتویں ترجیح سنر نے اس سیزن میں اپنے تیسرے ماسٹرز سیمی فائنل میں ہم وطن لورینزو موسیٹی کو 6-2,6-2 سے شکست دی۔