سونی نے یورو 2024، 2028 کے نشریاتی حقوق حاصل کئے
نئی دہلی، اپریل۔ہندوستان کے معروف کھیلوں کے براڈکاسٹر سونی اسپورٹس نیٹ ورک نے یورپ میں فٹ بال کی گورننگ باڈی یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشنز (یوای ایف اے) کے ساتھ اپنی وابستگی کی توسیع کرتے ہوئے یورو 2024 اور یورو 2028 کے نشریاتی حقوق حاصل کیے ہیں۔سونی نے منگل کو ایک ریلیز میں کہا کہ اس تعاون کے تحت، سونی 2022 سے 2028 تک شیڈول یوای ایف اے قومی ٹیم کے تمام مقابلوں کو نشر کرے گا۔ سونی یوای ایف اے یورو 2024 اور 2028 کے ساتھ ساتھ اپنے یورپی کوالیفائر اور دوستانہ میچ کوبھی نشر کرے گا۔یوای ایف اے ٹورنامنٹس خصوصی طور پرہندوستان، افغانستان، پاکستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، مالدیپ اور سری لنکا سمیت برصغیر میں ٹی وی پر دستیاب ہوں گے۔ ساتھ ہی سونی لیو پران مقابلوں کی لائیو اسٹریمنگ بھی کی جائے گی۔یورو 2024 سب سے بڑے بین الاقوامی فٹ بال مقابلوں میں سے ایک ہے، جس میں یورپ کی تمام سرفہرست قومی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 14 جون 2024 سے جرمنی میں ہوگا جبکہ اس کا فائنل میچ 14 جولائی کو برلن کے اولمپیا اسٹیڈیئن میں کھیلا جائے گا۔چھ سالہ معاہدے کے تحت براڈکاسٹر اپنے چینلز پر 1300 سے زیادہ فٹ بال میچ دکھائے گا۔ یہ نیٹ ورک 2024 اور 2028 کے یورپین کوالیفائر اوریوای ایف اے یورپ کے آئندہ دو ایڈیشنز کو ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ نیز، فٹ بال کے شائقین یوای ایف اے نیشنز لیگ 2024 اور 2026 اور یوای ایف اے نیشنز لیگ فائنلز 2025 اور 2027 بھی دیکھیں گے۔ اس کے علاوہ، سونی اسپورٹس نیٹ ورک یوای ایف اے چیمپئن لیگ، یوای ایف اے یوروپا لیگ، یوای ایف اے یورپا کانفرنس لیگ، بنڈیسلیگا، ایمیریٹس ایف اے کپ اوردیگر کے لئے سرکاری براڈکاسٹ بناہوا ہے۔سونی پکچرز کے اسپورٹس بزنس کے سربراہ راجیش کول نے کہا، ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سونی اسپورٹس نیٹ ورک نے یوای ایف اے کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بڑھایا ہے اور یوای ایف اے یورو 2024 اور 2028 ایڈیشنز کے حقوق حاصل کرکے بڑے پیمانے پراعلیٰ معیار کا فٹ بال پیش کرنے کے تئیں اپنے عزم کو اورزیادہ مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، برصغیر میں خصوصی ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل حقوق کے حصول کے ساتھ، ہم متعدد زبانوں میں شائقین کے سامنے اس ٹورنامنٹ کو پیش کرنے کے لئے پرجوش ہیں اورہم شائقین کو فٹ بال کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ میں ایک کے سنسنی کا احساس دیں گے۔