شاہ رخ خان چار برس بعد ایڈن گارڈنز میں

وہ کرکٹر نہیں لیکن پورے سٹیڈیم کی نظریں انھی پر تھیں

کلکتہ ،اپریل۔یوں تو انڈیا میں کوئی میچ ہو اور وراٹ کوہلی وہ میچ کھیل رہے ہوں تو گراؤنڈ میں ان سے بڑا سپر سٹار کوئی نہیں ہوتا لیکن گذشتہ روز کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں صورتحال مختلف تھی کیونکہ بلاشبہ انڈیا کے سب سے بڑے سپر سٹار گراؤنڈ میں موجود تھے۔یہ میچ وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بینگلور اور کلکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان کھیلا جا رہا تھا اور کلکتہ نائٹ رائڈرز کے شریک مالک شاہ رخ خان سنہ 2018 کے آئی پی ایل کے بعد پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی ایڈن گارڈنز میں سپورٹ کرنے کے لیے آئے تھے۔شاہ رخ خان کی ٹیم نے بھی انھیں مایوس نہیں کیا اور کلکتہ نائٹ رائڈرز نے رائل چیلنجرز بینگلور کو 81 رنز کی بھاری شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ جیتا ہے۔یہ انڈیا میں گذشتہ چند برسوں سے کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے ٹورنامنٹس کے بعد پہلا ایسا ٹورنامنٹ ہے جو تمام شہروں میں کھیلا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ آئی پی ایل کے میچ دیکھنے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں گراؤنڈز کا رخ کر رہے ہیں۔چنئی میں ایم ایس دھونی کی چنئی سپر کنگز کے پہلے میچ میں بھی ہاؤس فل تھا جبکہ گذشتہ روز ایڈن گارڈنز میں بھی تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ تاہم یہاں شاہ رخ خان کی موجودگی نے میچ کو چار چاند لگا دیے۔شاہ رخ خان پر جب بھی کیمرہ آتا تو وہ مداحوں کو ہاتھ ہلاتے نظر آئے یا پھر فلم پٹھان کے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر رقص کرتے دکھائی دیے۔نہ صرف یہ بلکہ میچ کے بعد ان کی ملاقات وراٹ کوہلی سے ہوئی جس میں وہ دونوں آپس میں گھل مل گئے اور دونوں ہی خاصے خوش نظر آئے ہے۔ اس دوران دونوں ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے جس کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کے پہلے میچ کے ہیرو وراٹ کوہلی کلکتہ کے خلاف میچ میں صرف 21 رنز ہی بنا پائے اور 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ان کی ٹیم صرف 123 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اس سال کا آئی پی ایل انڈیا میں ایک تہوار کی طرح ہے کیونکہ یہ کسی بھی پابندی یا ’ببل‘ کے بغیر کھیلا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ نہ صرف میدان پر کھلاڑیوں کی حرکات پر نظر رکھی جا رہی ہے، بلکہ میدان کے باہر بھی ہر چھوٹی بڑی چیز کو شائقین نوٹ کرتے نظر آتے ہیں۔اس مرتبہ آئی پی ایل میں ہائی سکورنگ میچ دیکھنے کو مل رہے ہیں اور مداحوں کی بڑی تعداد تمام گراؤنڈز میں یہ میچ دیکھنے کے لیے آ رہی ہے۔گذشتہ روز وراٹ کوہلی اور شاہ رخ خان کی ملاقات کے علاوہ ایک اور ملاقات بھی زیرِ بحث ہے جو شاہ رخ خان کی ان کے ایک مداح سے تھی۔کلکتہ نائٹ رائڈرز کے آفیشل اکاؤنٹ سے یہ ویڈیو لگائی گئی ہے، یہ 2018 کے بعد دونوں کی آپس میں پہلی ملاقات تھی۔اکثر افراد نے یہ ویڈیو دیکھ کر شاہ رخ حان کی تعریف کی اور لکھا کہ ’ان کے پاس لوگوں کو سپیشل محسوس کروانے کا طریقہ موجود ہے۔‘ ایک صارف نے لکھا کہ شاہ رخ بہت بڑے دل کے مالک ہیں۔میچ کے بعد شاہ رخ خان نے گراؤنڈ کا چکر لگا کر اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلایا اور داد وصول کی۔ایک صارف نے لکھا کہ شاہ رخ خان کرکٹر نہیں ہیں لیکن پورے سٹیڈیم میں موجود مداحوں کی نظریں شاہ رخ خان پر تھیں۔ یہ میگا سٹارڈوم کہلاتا ہے۔وارٹ کوہلی کے ساتھ میچ کے بعد ہونے والی ملاقات پر ایک صارف نے لکھا کہ دو بادشاہ آپس میں ملاقات کر رہے ہیں اور دونوں ہی جھومے جو پٹھان پر ناچتے بھی دکھائی دیے۔

Related Articles