شامی وزیرخارجہ کا 10 سال کے بعد مصر کا پہلا دورہ،سامح الشکری سے ملاقات

قاہرہ،اپریل۔شام کے وزیرخارجہ فیصل المقداد نے ہفتے کے روز قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقات کی ہے۔گذشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں کسی شامی وزیرخارجہ کا مصر کا یہ پہلا دورہ ہے اور عرب ممالک کی جانب سے صدر بشارالاسد کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی تازہ ترین علامت ہے۔فیصل المقداد کاقاہرہ میں مصری وزارت خارجہ میں آمد پرسامح الشکری نے پْرتپاک خیرمقدم کیا۔واضح رہے کہ 2011ء میں شام میں خانہ جنگی چھڑنے کے بعد کسی اعلیٰ شامی عہدہ دار کا مصرکا یہ پہلا دورہ ہے۔اسی سال شام کی عرب لیگ میں رْکنیت معطل کردی گئی تھی اور کئی عرب ریاستوں نے اپنے سفیروں کو دمشق سے واپس بلالیا تھا۔بعض ممالک بشارالاسد کے ساتھ تعلقات کی ممکنہ بحالی پر سوال اٹھارہے ہیں اوران کی حکومت کے مسلح تنازع کے دوران میں کیے جانے والے اقدامات اور شام میں سیاسی حل کی جانب پیش رفت دیکھنے کی ضرورت کا حوالہ دے رہے ہیں۔مصر کی وزارت خارجہ نے وسیع ترتبادلہ خیال سے قبل دونوں وزراء خارجہ کی بندکمرے میں ملاقات کی تصاویرجاری کی ہیں۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے خبر دی ہے کہ ان مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔قبل ازیں مصری وزیرخارجہ سامح الشکری نے فروری میں شام اور ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

Related Articles