ستوک-چراغ نے سوئس اوپن 2023 جیتا
باسل، مارچ۔ہندوستان کے ستوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے اتوار کو سوئس اوپن مینز ڈبلز فائنل میں چین کے رین ژیانگ یو اور ٹین کیانگ کو شکست دے کر 2023 کا اپنا پہلا بی ڈبلیوایف ورلڈ ٹور ٹائٹل جیت لیا۔کامن ویلتھ گیمز 2022 کے چیمپئن ستوک-چراغ نے چینی جوڑی کو 54 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں 21-19، 24-22 سے شکست دی۔اس سے قبل ستوک-چراغ نے سیمی فائنل میں ملائیشین جوڑی اونگ یو سن اور ٹیو ای یی کو شکست دی تھی۔پہلے گیم میں ہندوستانی جوڑی نے صبر آزما آغاز کے بعد جارحانہ انداز اپنایا اور 18-13 کی برتری حاصل کی۔ جب ستوک-چراغ گیم جیتنے سے صرف تین پوائنٹس دور تھے، چینی جوڑی نے شاندار دفاع کرتے ہوئے اسکور کو 18-17 تک پہنچا دیا۔ رین ٹین نے کھیل کے اختتام سے قبل مزید تین پوائنٹس حاصل کیے لیکن چراغ کے شاندار شاٹ انتخاب نے ہندوستان کو 21-19 سے فتح دلائی۔چینی جوڑی نے، جس نے پہلے گیم کے آخری حصے میں رفتار حاصل کی، دوسرے گیم میں لگاتار پوائنٹس بنائے حالانکہ ستوک-چراغ نے بریک پر 11-9 کی برتری حاصل کی۔ جب ہندوستان 20-19 پر چیمپئن شپ جیتنے سے صرف ایک پوائنٹ دور تھا، شٹل جال سے ٹکرائی اور ہندوستانی کیمپ میں گر گئی، اسکور 20-20 پر برابر ہوگیا۔رین ٹین نے یہاں تک کہ ایک مرحلے پر 22-21 کی برتری حاصل کی لیکن اسے فتح میں تبدیل نہ کر سکے۔ دوسری جانب ستوک-چراغ نے لگاتار تین پوائنٹس اسکور کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔