ہندوستانی جمہوریت مضبوط اور متحرک کثیر جماعتی نظام: برلا
منامہ (بحرین)، مارچ ۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ایک مضبوط شراکتی جمہوریت اور ایک متحرک کثیر الجماعتی نظام ہے، جہاں منتخب نمائندوں کے ذریعے شہریوں کی امیدوں اور خواہشات کا اظہار کیا جاتا ہے۔مسٹر برلا نے بین پارلیمانی یونین کی 146ویں اسمبلی میں پرامن بقائے باہمی اور جامع معاشروں کو فروغ : عدم برداشت کے خلاف جدوجہد کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کو لوک سبھا میں اپنے خیالات کے اظہار کی آزادی ہے۔ انہوں نے تمام عالمی امورکو پرامن اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے والے ہندوستان کے دیرینہ نقطہ نظر کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے ہمیشہ ماحولیاتی تبدیلی، صنفی مساوات، پائیدار ترقی اور کووڈ-19 وبا جیسے معاصر عالمی چیلنجوں پر وسیع اور بامعنی بحث اورتبادلہ خیال کیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ امن، ہم آہنگی اور انصاف کی وکالت کرنے والے عالمی ادارے امن، خوشحالی، استحکام اور منصفانہ عالمی نظام کے لیے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جیسے عالمی اداروں میں تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی نظام کی حقیقت کی عکاسی کرنے کے لیے بہت سے ممالک کے درمیان اصلاحات لانے پر وسیع اتفاق رائے قائم ہواہے اور اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس اہم موضوع پر سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ اس موضوع کو مستقبل کے عالمی ایجنڈے میں شامل کیا جائے تاکہ ہم موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، غربت، صنفی مساوات اور دہشت گردی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کر سکیں۔ عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے ہندوستان کی تیاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے کہا، ہم نے کووڈ-19 سے اپنے شہریوں کوبچانے کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ویکسینیشن پروگرام شروع کیا ہے اور ساتھ ہی اس وبا کے خلاف جنگ میں دوسرے ممالک کی مدد کی ہے۔مسٹربرلا نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ دنیا کو امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے اور انہوں نے ہندوستان کے اس یقین کا اعادہ کیا کہ جامع اور روادار معاشرے کی تعمیرصرف اورصرف پرامن بقائے باہمی، باہمی بات چیت اورمذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتی ہے اور اس کے لیے اراکین پارلیمنٹ کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانیت کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے اکٹھے ہوں۔