مجھے نہیں معلوم تھا کہ کوہلی بیمار ہیں: اکشر
احمد آباد، مارچ، آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے دن وراٹ کوہلی کے ساتھ 162 رنز کی شراکت کرنے والے اکشر پٹیل نے اتوار کو انکشاف کیا کہ وہ کوہلی کی بیماری سے واقف نہیں تھے۔واضح رہےکہ میچ کے چوتھے دن کوہلی نے 364 گیندوں میں 15 چوکوں کی مدد سے 186 رنز کی سنچری کھیل کر ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ کوہلی کی سنچری مکمل ہونے کے فوراً بعد، ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے ایک انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کی جس میں بتایا گیا کہ کوہلی "بخار میں بھی نظم و ضبط کے ساتھ کھیل رہے ہیں”۔میچ کے بعد جب اکشر سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ( کہ کوہلی کی طبیعت کیسی تھی) ۔جس طرح سے وہ بھاگ رہے تھے، ایسا نہیں لگتا تھا کہ وہ بیمار ہیں۔ انہوں نے اس گرمی میں جس طرح سے شراکت داری کی ، ان کے ساتھ رن جوڑنا بہترین تھا ۔”کوہلی نے اپنی شاندار اننگز میں تقریباً 516 منٹ بلے بازی کی اور آخر تک پچ پر رہے اور ہندوستان کو 91 رنز کی شاندار برتری دلائی۔ کوہلی نے اس سنچری کے ساتھ تین سال سے زیادہ کی ٹیسٹ سنچری کی خشک سالی بھی ختم کر دی۔کوہلی کا ساتھ دیتے ہوئے اکشر نے بھی 113 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ جب ہندوستان 87 رنز سے پیچھے تھا تب اکشر بلے بازی کے لیے آئے، لیکن اکشر-کوہلی کی شراکت نے ہندوستان کو مضبوط برتری دلائی۔اکشر البتہ سیریز میں تیسری بار سنچری بنانے سے محروم رہے۔ انہوں نے ناگپور ٹیسٹ میں 84 اور دہلی ٹیسٹ میں 74 رنز بنائے۔اکشر نے سنچری سے متعلق ایک سوال پر کہا، "آپ نے میرے زخموں پر نمک چھڑکا ہے! جس طرح سے میں بلے بازی کر رہا تھا…. میں جانتا ہوں کہ جو مواقع میں نے گنوائے ہیں وہ بار بار نہیں آتے۔ یہ اچھی بات ہے کہ میں جس طرح میں بلے بازی کرنا چاہتا تھا اس طرح بلے بازی کی۔ ٹیم کو ضرورت پڑنے پر ہم نے اچھی شراکت داری کی‘‘۔