اکشے کمار نے اپنی فلاپ فلموں کی ذمہ داری قبول کرلی

ممبئی،فروری۔خطروں کے کھلاڑی، بھارتی اداکار اکشے کمار نے اپنی لگاتار 2 فلموں کے باکس آفس پر فلاپ ہونے کی ذمے داری قبول کر لی۔میڈیا کے مطابق اکشے کمار نے کہا ہے کہ اگر آپ کی فلمیں کامیاب نہیں ہوتیں تو یہ آپ کی غلطی ہوتی ہے اور یہ وقت خود کو تبدیل کرنے کا ہوتا ہے۔اکشے کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب لگاتار 2 فلمیں فلاپ ہوں تو پھر بیٹھ کر خود کو تبدیل کرنے کا وقت ہے، یہ میرے لیے نئی بات نہیں۔بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ میرے کیریئر میں میری لگاتار 16 فلمیں فلاپ ہوئیں، اب 3 سے 4 فلمیں لگاتار کامیاب نہیں ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ فلم کا نہ چلنا آپ کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہوتا ہے، دیکھنے والے بدل گئے ہیں، آپ کو بدلنے کی ضرورت ہے، آپ کو دوبارہ شروعات کرنی ہوگی کیونکہ لوگ کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں۔اکشے کمار نے کہا کہ لگاتار فلموں کا فلاپ ہوجانا خطرے کی گھنٹی ہے، خود کو بدلنے کی کوشش کر رہا ہوں۔بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب فلمیں فلاپ ہوں تو اس کا ذمے دار دیکھنے والوں یا کسی اور کو نہ ٹھہرایا جائے، یہ 100 فیصد میری غلطی ہے۔میڈیا کے مطابق اکشے کمار کی 2022ء سے کوئی بھی فلم ہٹ ثابت نہیں ہو سکی ہے۔حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’سیلفی‘بھی باکس آفس پر کچھ خاص بزنس کرنے میں ناکام رہی ہے۔

Related Articles