پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے بیان پر رنبیر کو وضاحت دینی پڑ گئی

ممبئی،فروری۔نامور بھارتی اداکار رنبیر کپور کو پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے بیان پر وضاحت دینی پڑ گئی اور کہا کہ فن ملک سے بڑھ کر نہیں ہوتا۔ گزشتہ برس جدہ میں ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول کے موقع پر رنبیر کپور نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ وہ پاکستانی فلموں میں کام کرنا چاہیں گے۔ ایونٹ کے دوران جب رنبیر کپور سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پاکستانی فلم کرنے کے لیے تیار ہیں اگر فلم پاکستان کی بجائے دوسرے کسی مقام پر فلمائی جائے تو؟ جس کے جواب میں رنبیر کپور نے جواب دیا کہ ’بالکل تیار ہیں، میرا خیال ہے کہ فنکاروں کے لیے کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں۔ بالکل! میں فلم کرنا چاہوں گا۔‘اس بیان پر رنبیر کپور کو بھارت میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بلآخر انہیں اس سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرنا پڑگیا۔ اپنی فلم کی پروموشن کے لیے ہونے والے ایونٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رنبیر کپور نے کہا کہ ’میری بات کا غلط مطلب لیا گیا۔‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایونٹ کے دوران پوچھے گئے سوال پر کسی بھی طرح کا تنازع کھڑا نہیں کرنا چاہتے تھے۔ رنبیر کا کہنا تھا کہ ’میرا نہیں خیال کہ یہ کوئی اتنا بڑا تنازع ہے، میرے لیے فلمیں فلمیں اور فن فن ہے، میں نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔‘بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں کئی پاکستانی فنکاروں کو جانتا ہوں، جن میں گلوکار راحت فتح علی خان ور عاطف اسلم بھی ہیں جنہوں نے ہندی سنیما میں اپنا حصہ ڈالا۔‘رنبیر نے یہ بھی کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ سنیما سرحدوں کو دیکھتا ہے۔ بلاشبہ آپ کو فن کو عزت دینی ہے، لیکن اسی طرح فن آپ کے ملک سے بڑھ کر نہیں۔‘

Related Articles