اکشر کی نصف سنچری، ہندوستان 262 پر آل آؤٹ
نئی دہلی، فروری۔آل راؤنڈر اکشر پٹیل (74) کی نصف سنچری اور روی چندرن اشون (37) کے ساتھ سنچری کی شراکت سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آل آؤٹ ہونے سے قبل ہفتہ کو 262 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے لیے آف اسپنر نیتھن لیون (67/5) نے روہت شرما اور چیتشور پجارا سمیت پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ہندوستان صرف 139 رنز پر سات وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں تھا لیکن اکشر-اشون کی آل راؤنڈر جوڑی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت داری کرکے آسٹریلیا کو بڑی برتری حاصل نہیں کرنے دی۔ اکشر نے اپنی مشکل دور کرنے والی اننگز میں 115 گیندوں میں نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے، جبکہ اشون نے 71 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ہندوستان نے دن کا آغاز 21/0 پر کیا اور پچ نے چوتھے اوور سے ہی ایکشن دیکھا۔ آسٹریلیا نے کے ایل راہل (17) کو آؤٹ کرنے کے لیے دو ریویو ضائع کیے، تاہم، تیسری بارلیون نے انھیں ایل بی ڈبلیوکرکے پویلین بھیج دیا۔اس کے بعد لیون ہندوستانی بلے بازوں پر حاوی ہوگئے اور آدھے گھنٹے میں اس نے روہت شرما (32)، چیتشور پجارا (00) اور شریاس ایر (14) کی وکٹیں لے کر آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط کردی۔وراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجہ نے تاہم لنچ تک ہندوستان کو مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ لنچ کے بعد کوہلی-جڈیجہ جوڑی نے آسانی سے کھیلا اور 45ویں اوور میں 50 رنز کی شراکت مکمل کی۔ نصف سنچری شراکت کے بعد کوہلی نے کھل کر تیزی سے رنز بنائے، حالانکہ رویندر جڈیجہ (26) ٹڈ مرفی (53/2) کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔کوہلی اچھے لے میں نظر آرہے تھے کیونکہ انہوں نے 83 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے لیکن بدقسمتی سےایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ڈیبیو کرنے والے میتھیو کوہنیمین نے کوہلی کے طور پر اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی۔ لیون نے اس کے بعد سریکر بھرت (سات) کو پویلین بھیج دیا اور آسٹریلیا نے اپنی نظریں 100 سے زائد رنز کی برتری پر جمادی۔ اکشر اور اشون نے یہاں سے اپنی بلے بازی سے ہندوستانی اننگز کو مضبوط کیا۔ اکشر نے 79ویں اوور میں لگاتار دو چوکے لگا کر سنچری پارٹنرشپ مکمل کی، حالانکہ کچھ دیر بعد پیٹ کمنز نے اشون کا وکٹ لے کر اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ اشون کی وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان اسکور میں صرف نو رنز کا اضافہ کر سکا۔ اکشر اگلے ہی اوور میں مرفی کا شکار بنے جبکہ محمد شامی (دو) کو کوہنیمن نے آؤٹ کیا۔