اہلیہ کی شکایت پر عدالت کا اداکار نوازالدین کو نوٹس جاری
ممبئی،فروری۔ممبئی کی ایک عدالت نے بالی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی کے خلاف اہلیہ عالیہ صدیقی کی شکایت پر انہیں نوٹس جاری کر دیا ہے۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق نوازالدین کی اہلیہ نے ورسوا پولیس تھانے میں ایک مقدمہ درج کرایا تھا جس میں انہوں نے نوازالدین اور ان کے اہلِ خانہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں کھانا پینا اور دیگر بنیادی ضروریات سے محروم رکھتے تھے۔عالیہ صدیقی کی درخواست پر درج مقدمے میں توہین آمیز سلوک اور اہلِ خانہ کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے کی دفعات کیشامل کی گئی ہیں۔اس سے قبل نواز الدین کی والدہ مہرالنسانے عالیہ صدیقی کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عالیہ صدیقی نوازالدین کی بیوی نہیں ہیں اور وہ ان کے بیٹے کی جائیداد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔بھارتی نیوز چینل ٹائمز ناؤ کے مطابق عالیہ صدیقی کی شکایت پر ممبئی کی اندھیری کورٹ نے اداکار کو نوٹس جاری کیا ہے تاہم کورٹ نوٹس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔یاد رہے کہ نوازالدین صدیقی اور عالیہ نے سن 2010 میں شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق عالیہ نوازالدین کی دوسری بیوی ہیں جنہوں نے مئی 2020 میں اداکار سے طلاق کی درخواست دائر کی تھی اور ان پر اور ان اہلِ خانہ پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی لگائے تھے۔بعدازاں نوازالدین کی بیوی نے 2021 میں کہا تھا کہ جب انہیں کرونا ہوا تو اس دوران نوازالدین نے ان کا اور بچوں کا بہت خیال رکھا تھا یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے ازدواجی رشتے کو قائم رکھنے کا ایک اور موقع دینا چاہتی ہیں۔نواز الدین صدیقی 2000 میں بالی وڈ فلموں کے مرکز ممبئی منتقل ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے انڈسٹری میں بڑا نام بنایا۔انہوں نے بجرنگی بھائی جان، مانجھی، منٹو، گینگز اور واسے پور جیسی معروف فلموں سمیت ویب سیریز سیکرڈ گیمز میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔