امریکا پہلی بار طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل یوکرین بھیجے گا
واشنگٹن،فروری ۔ خبروں کے مطابق امریکہ پہلی بار یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے اور جب کہ یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمیگل نے اگلے جمعے کو یوکرین اور یورپی یونین کے درمیان ایک سربراہی اجلاس کیف میں منعقد ہونے کا اعلان کیا ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پوتین نے کہا ہیکہ ان کی حکومت منسک کے ساتھ بیلاروس کے ساتھ مشترکہ فوجی تربیتی مراکز قائم کرنے کے لیے مذاکرات کرے گی۔خبر وں کے مطابق دو باخبر امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ امریکا یوکرین کے لیے 2.2 ارب ڈالر کا فوجی امدادی پیکج تیار کر رہا ہے۔دونوں عہدیداروں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ کیف کو امریکی فوجی امداد میں پہلی بار گولہ بارود اور دیگر ہتھیاروں کے علاوہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی شامل ہوں گے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کل منگل کو کہا تھا کہ وہ اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے کیف سے روس کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ہتھیاروں کی درخواستوں پر بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین کی درخواست پر بات کریں گے۔ بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں یوکرین کو 16- F لڑاکا طیارے بھیجنے کی حمایت کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کیجواب میں کہا کہ وہ یوکرین کو’ایف سولہ‘ جنگی طیارے نہیں دے گا۔حال ہی میں جرمنی اور امریکا کی جانب سے مشکل بات چیت کے بعد کیف کو بھاری ٹینک فراہم کرنے کے اعلان کے بعد مغربی ممالک یوکرین کو فوجی امداد کے معاملے میں ایک نئی بحث کررہے ہیں۔یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے تصدیق کی کہ یوکرین کو مغربی ساختہ 120 سے 140 بھاری ٹینک بھیجے جائیں گے۔ توقع ہے کہ یہ ٹینک چند روز میں انہیں مل جائیں گے۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی مغرب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور لڑاکا طیاروں سمیت مزید فوجی امداد کے لیے زور دے رہے ہیں۔کولیبا نے’فیس بک‘ پر ایک ویڈیو کلپ میں کہا کہ عطیات کی پہلی کھیپ میں یوکرین کی افواج کو 120 سے 140 کے درمیان جدید مغربی ٹینک ملیں گے۔ ان ٹینکوں میں جرمن لیپرڈ 2، برٹش چیلنجر 2، اور امریکی ابرامس شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کیف نے ان ٹینکوں کی تعداد ظاہر کی ہے جو اس کے مغربی اتحادیوں نے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔