فضائیہ کے دو طیارے گر کر تباہ
مورینا، جنوری۔مدھیہ پردیش کے گوالیار ایئربیس سے آج صبح مشق کے لیے اڑان بھرنے کے بعد فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے گرکرتباہ ہوگئے۔ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے میں کل چار پائلٹ سوار تھے جن میں سے تین زخمی پائے گئے ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق میراج سیریز کا ایک طیارہ مورینا ضلع کے پہاڑ گڑھ علاقے کے ویران علاقے میں گرا، جب کہ سکھوئی سیریز کا طیارہ مورینا سے ملحقہ راجستھان کے علاقے بھرت پور کی سرحد میں گرا۔ مورینا ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 90 کلومیٹر دور پہاڑ گڑھ علاقے کے مان پور میں طیارے کا کا ملبہ پھیل گیا ہے۔ فضائیہ کی ٹیم کے علاوہ پولیس کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے اور ملبے والے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے تاکہ کوئی اس کے قریب نہ جا سکے۔بتایا جاتا ہے کہ سکھوئی 30 اور میراج 2000 طیاروں نے گوالیار ایئربیس سے صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان مشق کے لیے اڑان بھری۔ تھوڑی دیر بعد طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی اطلاع ملی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا طیارے آسمان میں ٹکرائے تھے۔ کیونکہ دونوں طیاروں کا ملبہ کم از کم ایک سو کلومیٹر کے فاصلے سے ملا ہے۔ذرائع کے مطابق فضائیہ کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پائلٹس کو اپنی تحویل میں لے کر کارروائی شروع کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے میں کل چار پائلٹ سوار تھے جن میں سے تین زخمی حالت میں پائے گئے ہیں۔ دوسرے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔مورینا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آشوتوش باگری نے بتایا کہ ضلع میں طیارہ حادثے کی اطلاع کے بعد پولیس فورس کو فوری طور پر متحرک کردیا گیا اور پولیس کی ٹیم موقع پہنچ گئی۔