نیوم شہر تعمیراتی منصوبے کا بیس فیصد انفراسٹرکچر مکمل
ڈیواس،جنوری۔سعودی عرب کے نئے زیر تعمیر جدید ترین شہر نیوم کا کام درست راستے پر اپنی رفتار کے ساتھ مسلسل آگے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اب تک نیوم شہر کی تعمیرات کے سلسلے میں 20 فیصد انفراسٹرکچر مکمل ہو چکا ہے۔اس امر کا اظہار نیوم منصوبے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نظمی النصر نے جمعرات کے روز العربیہ کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے۔وہ یہاں ڈیواس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع موجود تھے۔ نیوم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ولی عہد نے دی لائن شہر کا ڈیزائن 25 جولائی 2022 کو منظور کیا تھا۔ تب سے اپنے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق کام جاری ہے۔منصوبے کے سربراہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اہم بات یہ ہے کہ جہاں جہاں بھی تعمیراتی اہداف ہیں وہاں تک انفراسٹرکچر کا کام پہنچ گیا ہے اور مطلوبہ رفتار کے مطابق ہوا ہے۔اس سے قبل ایک ویڈیو میں نیوم اور اس سے جڑے منصوبوں کی تفصیلات سامنے لائی گئیں۔ جن سے کام کے تیزی سے آگے بڑھنے کی نشاندہی ہوتی ہے۔اس وڈیو فلم میں دی لائن ترجینا اور سندھالہ سمیت تمام اہم سائٹس کا ذکر ہے۔ جہاں کام کے تیزی سے جاری ہونے کو دیکھا جا سکتا ہے۔نظمی النصر نے نجی شعبے کو اس جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا نیوم مقامی اور بین الاقوامی سطح پر موجود نجی شعبے کے لیے بے بہا مواقع رکھتا ہے۔ نجی شعبہ اس میں فنڈز کی فراہمی سے لے کر سرمایہ کاری تک ہر شعبے میں موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔اس پس منظر میں النصر نے کہا 2022 میں وہ مختلف ممالک کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ اس منصوبے کو ہر جگہ سرمایہ کاروں اور دوسرے سٹیک ہولڈروں کے سامنے متعارف کرایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا ہمیں بہت اچھا ریسپانس ملا ہے۔ انہوں نے کہا نیوم شہر سے جڑا سندھالہ کامنصوبہ دنیا کے پر تعیش ترین سیاحتی مقامات کے مقابلے کا ایک مقام ہے۔ جو 2024 سے آنے والے سیاحوں کا استقبال کر سکے گا۔ڈیواس اجلاس کے ایک پینل میں گفتگو کے دوران سعودی عرب کے نائب وزیر برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے نیوم کے بارے میں مفروضوں پر مبنی گفتگو کے بارے کہا لوگ جو بھی کہتے رہیں مگر سعودی عرب اس منصوبے کے ساتھ کمٹڈ ہے اور اس کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔