پاکستان کو تین صفر سے شکست دینا چاہتے ہیں: انگلش کپتان
کراچی،دسمبر۔انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہیکہ وہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو تین صفر سے شکست دینا چاہتے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بین اسٹوکس نے کہا کہ ہماری توجہ نتیجے پر نہیں پروسس پر ہے ہم ضرور چاہیں گے کہ پاکستان کو تین صفر سے شکست دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں اور اس کی ہی پریکٹس کرتے ہیں، ہم اپنے اوپر پریشر نہیں لیتے، ہم اپنے گیم کو انجوائے کرتے ہیں اور آج ہم نے جو پریکٹس کی اس کا مقصد صرف انجوائے کرنا تھا۔اسٹوکس کا کہنا تھا کہ ابرار نے پچھلے ٹیسٹ میں ہمیں تنگ کیا، ابرار احمد کو ہم نے بہتر انداز میں پک نہیں کیا، انہوں نے بہترین کنٹرول کے ساتھ بولنگ کی، وہ ایک اچھا بولر ہے۔ کراچی ٹیسٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انگلش کپتان نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کو آخری ٹیسٹ کیلئے آرام کی غرض سے بٹھایا گیا ہے، ریحان احمد نوجوان ہیں، ہم ان کو دیکھنا چاہتے ہیں، ریحان احمد کو یہی پلان دیا ہے کہ آپ نے آؤٹ کرنا ہے ، ہم سیریز جیت چکے ہیں اسی لیے مختلف کمبینیشن آزمارہے ہیں، ہم یہ ٹیسٹ میچ جیتنا چاہتے ہیں تاہم اس سے فرق نہیں پڑتا ہم جیتے یا ہاریں۔سابق کپتان اظہر علی کی ریٹائر منٹ پر بات کرتے ہوئے اسٹوکس کا کہنا تھا کہ اظہر علی کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات ہیں وہ پاکستان کرکٹ کے بہترین ایمبیسیڈر رہے ہیں۔