بٹلر کی بدولت انگلینڈ کی آسٹریلیا پر6 وکٹ سے جیت
ساؤتھمپٹن ،جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی20 میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور تین رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔کپتان ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ نے اسکور 30 تک پہنچایا ہی تھا کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں اسمتھ رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ایرون فنچ اور مارکس اسٹوئنس نے مل کر 49 رنز جوڑے جس کے بعد کرس جورڈن نے 40 رنز بنانے والے آسٹریلین کپتان کی وکٹیں بکھیر دیں۔
تاہم آسٹریلیا کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب اسٹوئنس بھی 10 رنز کے اضافے سے 35 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔89 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد مہمان ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر گلین میکسویل اور ایشٹن ایگر نے ٹیم کو سنبھالا ۔دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 26 اور 23 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے لیکن اس کے لیے انہوں نے 40 رنز کی پٹائی بھی برداشت کی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم بھی ابتدا میں ہی بیئرسٹو کی وکٹ گنوا بیٹھی جو اسٹارک کی گیند پر ہٹ وکٹ ہو گئے۔اس کے بعد جوز بٹلر کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 87رنز کی شراکت قائم کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔ملان 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ٹام بینٹن اور ایون مورگن کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور دونوں بالترتیب 2 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ سے بٹلر نے چارج جاری رکھا اور اپنی ٹیم کو 7 گیند قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔بٹلر نے 54 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 8 چوکے شامل تھے اور اسی اننگز پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔میچ میں 6 وکٹوں سے فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 سے فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی ہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کو سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا آخری میچ 8 ستمبر کو ساؤتھمپٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔