شوٹنگ کے دوران کارتک آریان کی جھلک دیکھنے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد جمع
ممبئی،نومبر۔بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان نے اپنی شاندار اداکاری اور حسنِ اخلاق کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔کارتک آریان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر احمد آباد سے مداحوں کے ہمراہ اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔اْنہوں نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’یہ آپ کا پیار ہے‘۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارتک آریان سیکیورٹی کے ساتھ احمد آباد کی ایک گلی سے گزر رہے ہیں اور مداح اْنہیں اپنے علاقے میں دیکھ کر دیوانہ وار ان کے پیچھے آتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔کارتک آریان اتنی بڑی تعداد میں مداحوں کو جمع ہو کر اپنے پیچھے آتا دیکھ کر اپنے فون سے ان کی ویڈیو بناتے ہوئے مزاحیہ انداز میں پوچھتے ہیں کہ آپ سب لوگ کھانا کھانے جا رہے ہیں؟اداکار کے اس سوال پر ایک مداح کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ہم کارتک بھائی کے گھر جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کارتک آریان کی ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار کی صرف ایک جھلک دیکھنے کے لیے سینکڑوں کی تعداد میں مداح جمع ہو گئے تھے۔اداکار شہر احمد آباد میں اپنی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کی شوٹنگ کے دوران مداحوں کا اتنا پیار دیکھ کر حیران رہ گئے۔