چاہتی ہوں مجھے میرے پہلے نام سے پہچانا جائے: پریانکا چوپڑا
ممبئی،اپریل۔عالمی شہرت یافتہ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ چاہتی ہوں کہ ہر کوئی مجھے میرے پہلے نام ’پریانکا‘ سے پہچانے جیسے اداکارہ ریکھا یا امریکی گلوکارہ شیر (Cher) کو پہچانتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنی آنے والی سیریز Citadel کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔تشہیری مہم کے دوران ایک انٹرویو میں اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں اچھا لگتا ہے جب امریکا میں انہیں پریانکا کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے کیونکہ بھارت میں یہ نام اتنا عام ہے کہ صرف ایک کمرے میں ہی 6 پریانکا موجود ہوتی ہیں۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب بھارت میں تھی تو ’پی سی‘ سننے کی عادت ہو گئی تھی لیکن جب سے امریکا آئی ہوں تب سے اچھا لگتا ہے کیونکہ یہاں صرف میں ہی ’پریانکا‘ ہوں اور چاہتی ہوں کہ دنیا پھر سے مجھے میرے پہلے نام ’پریانکا‘ سے جانے پہچانے۔