کیارا ایڈوانی کا اشتوش گواریکر کی فلم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کی نوجوان اور خوبرو اداکارہ کیارا ایڈوانی نے بھارتی فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر اشتوش گواریکر کی نئی فلم کرم کورم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ تین عشروں سے بالی ووڈ میں سرگرم اشتوش گواریکر غیر روایتی فلمیں بنانے کے حوالے سے مشہور ہیں اور باکس آفس پر ہٹ فلمیں لگان، سوادیس اور جودھا اکبر ان کی شاہکار فلموں میں شامل ہیں۔ لہٰذا اب انہوں نے اپنا نیا پروجیکٹ کرم کورم شروع کرنے کا اعلان کیا اور ایک پاپڑ بنانے والی معروف بھارتی برانڈ کی کامیاب اسٹوری کو اپنا موضوع بنایا ہے۔ میڈیا کے مطابق کیارا ایڈوانی جنہوں نے کبیر سنگھ، شیر شاہ اور جْگ جْگ جیو جیسی فلموں میں کام کرکے شہرت حاصل کی وہ فلم کرم کورم میں خود کو مس فٹ سمجھتی ہیں۔ جبکہ ان کا خیال ہے کہ فلم میں کمرشل پہلو کو نظر انداز کیا گیا ہے۔