وکی کوشل کا ’نیویارک والا برتھ ڈے‘ سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی،مئی۔بالی ووڈ اداکار وکی کوشل کے’نیویارک والے برتھ ڈے‘ کو سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔ وکی کوشل جوکہ آج کل امریکا میں اپنی اہلیہ، اداکارہ کترینہ کیف کے ہمراہ چھٹیاں منارہے ہیں، انہوں نے نیویارک میں اپنی سالگرہ منائی ہے۔کترینہ کیف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وکی کوشل کے ساتھ اپنی خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں۔ان تصاویر میں وکی کوشل اور کترینہ کیف دونوں ہی بہت خوش نظر آرہے ہیں۔انہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ نیو یارک والا برتھ ڈے ہے۔‘کترینہ کیف نے وکی کوشل سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’آپ نے میری زندگی میں ہر چیز کو پہلے سے بہتر کردیا ہے۔‘اداکارہ کی اس پوسٹ کو مداحوں اور انڈسٹری کے ساتھ اداکاروں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔اداکار وکی کوشل بھی اس پوسٹ پر کمنٹ کیے بغیر نہ رہ سکے اور تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ شادی شدہ والا برتھڈے ہے۔‘دوسری جانب وکی کوشل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سالگرہ کی تقریب سے چند تصاویر اور ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں سے پہلی تصویر میں اْنہیں سوئنگ پر لیٹے کیمرے کے لیے پوز دیتے ہوئے اور دوسری تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سالگرہ کی تقریب کے لیے منتخب کی گئی جگہ پر ہلکی پھلکی سجاوٹ بھی کی گئی ہے۔تیسری اور آخری تصویر میں وکی کوشل اور کترینہ کیف کو اپنے دوستوں کے ہمراہ گروپ فوٹو کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔جبکہ ویڈیو میں وکی کوشل اپنی سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے اور کترینہ کیف اْنہیں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔وکی کوشل نے یہ تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’اپنے پسندیدہ لوگوں کے ساتھ نئے سال میں داخل ہورہا ہوں، اس بات پر میرا دل انتہائی خوش ہے جس کا میں شکرگزار ہوں۔ ‘اْنہوں نے مزید لکھا کہ’آپ سب کا شکریہ کہ آپ نے میرے لیے اپنی محبت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘

Related Articles