تنخواہ میں اضافے کی پیشکش مسترد، یارک شائر ایمبولینس ورکر ہڑتال کریں گے
لندن ،اکتوبر۔یارک شائر ایمبولینس ورکرز نے حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں 4فیصد اضافے کی پیشکش مسترد کردی ہے اور اب انھوں نے تنخواہوں میں اضافہ اور حالات کار میں بہتری سے متعلق اپنے مطالبات تسلیم کرانے کیلئے ہڑتال کا فیصلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہڑتال کا فیصلہ کرنے کیلئے ہونے والی ووٹنگ سے کچھ دیر قبل ایک ایمبولینس ورکرز نے کہا کہ موجودہ تنخواہوں میں اس کے کھانے کا خرچ بھی پورا نہیں ہوتا جبکہ ایمرجنسی کیئر ورکر لی ایجرٹن کا کہنا ہے کہ یارک شائر ایمبولینس سروس میں اس کے ساتھی ہڑتال نہیں کرنا چاہتے۔ جی ایم بی یونین کے ارکان پیر کو ہڑتال کا فیصلہ کرنے کیلئے ووٹ ڈالنا شروع کریں گے۔ یارک شائر ایمبولینس سروس کے نک اسمتھ کا کہنا ہے ہم جانتے ہیں کہ عملے کو اس طریقے سے اپنی تشویش کا اظہار کرنے کا حق ہے۔ ایجرٹن نے کہا کہ این ایچ ایس کے بارے میں مریضوں کے تجربات گزشتہ چند برسوں کیدوران بہت تبدیل ہوئے ہیں اور بعض مریضوں کو 6-7گھنٹے ایمبولینس کا انتظار کرنا پڑتا ہے، اس کے بعد ہم مریض کو A&E میں لاتے ہیں، جس کے بعد بعض حالات میں ہمیں مریض کو بیڈ پر پہنچانے میں 8سے 9گھنٹے لگ جاتے ہیں، اس دوران مریض ایمبولنس میں بیٹھا انتظار کرتا رہتا ہے۔ یونین آرگنائزر ڈین فرگوسن کا کہنا ہے کہ GMB ورکرز کے برہم ہونے کے بہت سے اسباب ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے 1,300پونڈ ماہانہ ملتے ہیں، یہ میرے اخراجات کیلئے پورے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ این ایچ ایس کا عملہ ہڑتال نہیں کرنا چاہتا لیکن اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہا، ہم حالات کی بہتری کا انتظار کرتے رہے اور حالات خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ یارک شائر ایمبولینس سروس کے اعدادو شمار کے مطابق ستمبر میں زندگی کو خطرہ لاحق ہونے پر کی جانے والی 90فیصد کالز پر ایمبولینس کے موقع پر پہنچنے میں 17.30منٹ لگے جبکہ ہدف 15منٹ ہے، فوری علاج کی ضرورت پر کی جانے والی کالز جو کٹیگری ٹو کالز کہلاتی ہیں 90فیصد کالز پر ایمبولینس موقع پر پہنچنے میں ایک گھنٹہ اور 33منٹ لگے جبکہ اس کیلئے 40منٹ کا وقت مقرر ہے۔ فرگوسن کا کہنا ہے کہ ایمبولینس کے عملے کو اپنی خدمات انجام دیتے وقت اس بات کی فکر نہیں ہوتی کہ وہ اپنے گھر کو کیسے گرم رکھے گا یا بچوں کیلئے خوراک کا انتظام کیسے کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ اب یہ سروس ڈانواڈول ہورہی ہے اور ہر ایک اس سے متاثر ہوگا، یہ صرف اس لئے اب تک قائم ہے کہ ورکرز نے خیرسگالی کے طورپر اسے سنبھالا ہوا ہے۔ ہڑتال کیلئے بیلٹ یعنی ووٹنگ کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ یارک شائر ایمبولینس سروس صورتحال کا قریب سے مشاہدہ کرنے کیلئے مزدور تنظیموں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے تاکہ مریضوں کو فوری دیکھ بھال کی سہولت فراہم کی جاسکے۔