اگلے سال جون تک بڑے پیمانے پر کورونا ویکسینیشن کا کوئی امکان نہیں: ڈبلیو ایچ او
نئی دہلی، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اگلے سال کے وسط تک بڑے پیمانے پر کورونا کی |ٹیکہ کاری کے امکان پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک کوئی کورونا ویکسین محفوظ اور موثر ثابت نہیں ہوئی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے کہا کہ اسے امید ہے کہ اس کی تیار کردہ کورونا ویکسین اگلے ماہ کے آخر تک بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری [ ویکسینیشن] کے لئے تیار ہوسکتی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے آج کہا کہ کسی بھی کورونا ویکسین کے اثرات اور اس کے حفاظتی پہلو کو دیکھنے کے لئے سخت جانچ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کوئی بھی کورونا ویکسین ڈبلیو ایچ او کے معیار پر پوری نہیں اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کے فیز III کے انسانی تجربوں میں وقت لگنا چاہئے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے یہ ویکسین کتنی موثر ہے اور ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ یہ کتنا محفوظ ہے۔