بریڈ پِٹ اب مجسمہ ساز بھی بن گئے
لاس اینجلس،ستمبر۔معروف ہالی ووڈ اداکار بریڈ پِٹ کو ابھی تک ان کے مداح صرف ان کی بڑے پردے پر شاندار اداکاری کی وجہ سے جانتے تھے لیکن اب اداکار کے بنائے ہوئے مجسمے بھی دیکھ سکیں گے۔بریڈ پِٹ نے اپنے بنائے پہلے مجسمے نمائش کے لیے فن لینڈ کے سارہ ہلڈن آرٹ میوزیم میں پیش کردیے ہیں۔اداکار کے تیار کردہ 9 فن پاروں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔اس نمائش میں بریڈ پِٹ کے علاوہ آسٹریلوی موسیقار نِک کیو اور فنکار تھامس ہاؤساگو کے تیار کردہ فن پاروں کی بھی نمائش کی گئی ہے۔بریڈ پِٹ نے اس نمائش کے افتتاح پر فن لینڈ کے میڈیا سے اپنی مجسمہ سازی کی صلاحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے یہ خود کی عکاسی ہے اور اس طرح میں ایمانداری سے اپنا محاسبہ کرسکتا ہوں کہ میں نے کبھی کسی کو تکلیف دی ہو یا زندگی میں ایسے لمحے جہاں میں اب بھی غلط ہوں‘۔