آن لائن ٹیکسی سروس کی ایپ کی مدد سے ہیکر ماسکو میں ٹریفک جام کرنے میں کامیاب

ماسکو،ستمبر۔موجودہ عہد میں دنیا بھر میں آن لائن ٹیکسی سروسز کا استعمال بہت زیادہ ہورہا ہے مگر کبھی کسی نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا کہ اس طرح کی سروس کو کسی شہر میں ٹریفک جام کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔مگر روسی دارالحکومت ماسکو میں ہیکرز نے ایسی ایک سروس Yandex ٹیکسی کی ایپ کو ٹریفک جام کے لیے استعمال کیا۔ہیکرز نے درجنوں ٹیکسیوں کو ایک ہی مقام پر بیک وقت طلب کیا جس کے نتیجے میں ماسکو کی مصروف شاہراہ Kutuzovsky پر ٹریفک جام ہوگیا۔یہ واقعہ یکم ستمبر کو پیش آیا تھا اور ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دکھایا گیا کہ متعدد ٹیکسیاں ایک ہی جگہ پہنچنے کی کوشش کررہی ہیں۔ویسے تو ماسکو ٹریفک جام کے لیے دنیا کا دوسرا بدترین شہر قرار دیا جاتا ہے مگر اس واقعے کا معمول کے ٹریفک سے کوئی تعلق نہیں تھا۔اس سروس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یکم ستمبر کو ہیکرز نے سروس پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی اور درجنوں گاڑیوں کو ایک ہی جگہ طلب کرلیا گیا۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ ٹریفک جام 40 منٹ تک برقرار رہا۔بیان کے مطابق مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایپ کے الگورتھم کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ایک ہیکر گروپ Anonymous نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

Related Articles