پلیئر آف دی منتھ جیت کر میتھیوز او رحسن نے نئی تاریخ رقم کی
دبئی، جون ۔سری لنکا کے اسٹار بلے باز اینجلو میتھیوز مئی کے مہینے کا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت کر یہ خطاب حاصل کرنے والے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس ایوارڈ کی شروعات جنوری 2021 میں کی گئی تھی ۔ آئی سی سی نے پیر کے روز اعلان کیا کہ میتھیوز اور پاکستان کی طوبیٰ حسن کو اس ماہ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔میتھیوز کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت میں شاندار اسکور بنانے کے لئے اس ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ انہوں نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 172 کی اوسط سے 344 رن جوڑے۔ انہوں نے چٹاگانگ ٹیسٹ ڈرا میں 199 کا بڑا اسکور بنایا تھا، جبکہ میرپور میں انہوں نے 145 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس کی بدولت سری لنکا نے دوسرے ٹسٹ میچ میں جیت حاصل کی۔ دوسری جانب، پاکستان کی طوبی حسن کو اپنی پہلی بین الاقوامی سیریز میں گیند کے ساتھ شاندار کارکردگی پر آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا۔21 سالہ لیگ اسپنر نے پاکستان میں سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 8.8 کی اوسط سےپانچ وکٹیں حاصل کیں اور صرف 3.66 کی اوسط سے رن دیئے۔ انہوں نے اپنی شاندار گیندبازی کی بدولت پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ میتھیوز کی طرح حسن بھی پلیئر آف دی منتھ جیتنے والی پہلی پاکستان کی خاتون کھلاڑی ہیں۔