رضوان نے ویرات کوہلی سے پہلی ملاقات کا احوال بتادیا
کراچی،جون۔پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے گزشتہ برس ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔محمد رضوان نے ایک ویب شو کے دوران بتایا کہ ’میں نے ویرات کے بارے میں دوسرے کھلاڑیوں سے سن رکھا تھا کہ وہ بہت غصے والا ہے، میری ملاقات اس سے پہلی مرتبہ ہورہی تھی لیکن وہ ایک شاندار ملاقات رہی’۔رضوان نے کہا کہ ‘پہلی بار جب میں کوہلی سے ملا تو وہ مجھ سے انتہائی پیار اور محبت سے ملا، جس طرح ویرات میچ سے پہلے اور بعد میں مجھ سے ملا، وہ قابلِ ستائش تھا، اگر میں کہوں کہ یہ ہمارا ویرات کوہلی ہے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ ہم سب ایک دوسرے سے منسلک ہیں‘۔پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ‘یقینی طور پر جب گراؤنڈ میں ہم کھیلنے اترتے ہیں تو وہاں کوئی سلیبریٹی نہیں ہوتی، وہاں کوئی فرق نہیں ہوتا، جب ہماری ٹیم کوہلی یا ایم ایس دھونی سے گراؤنڈ کے باہر ملی تو ہمیں صرف محبت ملی‘۔رضوان نے بھارتی کرکٹر چیتیشور پجارا سے اپنی گہری دوستی کے حوالے سے بھی بتایا۔انہوں نے کہا کہ ‘میرا یقین کریں، کاؤنٹی کرکٹ میں بھی جہاں پجارا میرے ساتھ رہا ہم نے کافی انجوائے کیا، ہم بہت پیار محبت سے رہتے ہیں، میں اکثر اسے تنگ کرتا رہتا ہوں اور وہ میری باتوں پر بہت ہنستا ہے’۔واضح رہے کہ پاکستان نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بھارتی ٹیم کے خلاف 10 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کی تھی، اس میچ میں محمد رضوان نے ناقابل شکست 79 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی فتح کے بعدکپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے مصافحہ کیا اور گلے ملے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔