امریکہ: بندوق بردار کی اندھا دھند فائرنگ میں پھر چار افراد ہلاکامریکہ: بندوق بردار کی اندھا دھند فائرنگ میں پھر چار افراد ہلاک
ٹلسا،جون۔امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں یکم جون بدھ کے روز رائفل اور ہینڈ گن سے مسلح ایک شخص نے ایک طبی مرکز کے اندر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں بندوق بردار نے چار افراد کو ہلاک کر دیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ آخر اس کی موت کیسے ہوئی۔ٹلسا شہر کی آبادی تقریباً سوا چار لاکھ افراد پر مشتمل ہے اور یہ ریاستی دارالحکومت اوکلاہوما سٹی سے 160 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مشرق میں واقع ہے۔کیپٹن رچرڈ میلن برگ نے نشریاتی ادارے اے بی سی کو بتایا کہ مقامی پولیس کو میڈیکل کیمپس کی ایک عمارت کی دوسری منزل پر ایک رائفل بردار شخص کے بارے میں فون پر اطلاع موصول ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ پاتے، بندوق بردار نے فائرنگ شروع کر دی تھی۔ انہوں نے پایا کہ چند لوگوں کو گولی ماری جا چکی ہے۔ اس وقت تک ایک جوڑے کی موت بھی ہو چکی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا، ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ وہ شخص ایک شوٹر تھا، اور اب بھی یقین ہے کہ وہ شوٹر ہی تھا، کیونکہ اس کے ہاتھ میں ایک بڑی سی رائفل اور پستول بھی تھی۔
فائرنگ کے حالیہ مزید واقعات:امریکہ میں فائرنگ کے واقعے میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع کے پے در پے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں ریاست ٹیکساس کے شہر یووالڈی میں ایک شخص نے پرائمری اسکول میں فائرنگ کر کے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو ہلاک کر دیا تھا۔بائیڈن کے مطابق حالات اس قدر سنگین ہوچکے ہیں کہ ہر کوئی اس بارے میں بردباری سے غور کر رہا ہے۔اس سے قبل ریاست نیویارک کے شہر بفلو میں ایک نسل پرست نوجوان نے فائرنگ کرکے سابق پولیس افسر سمیت 10 سیاہ فام افراد کو ہلاک کردیا تھا۔امریکہ میں گن وائلنس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد ایک مرتبہ پھر ملک میں گن کنٹرول کی بحث شروع ہو گئی ہے۔صدر جو بائیڈن نے ٹیکساس کے پرائمری اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد کہا تھا کہ جو لوگ ہتھیاروں پر کنٹرول کے خلاف تھے وہ بھی اس معاملے کو حکمتِ عملی سے سلجھانے پر سنجیدہ نظر آتے ہیں۔ ان واقعات کے پس منظر میں ہی امریکہ میں بندوق پر کنٹرول سے متعلق بحث ایک بار پھر سے تیز ہو گئی ہے۔گزشتہ روز ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے بندوق سے متعلق قانون سازی پر بات کرنے کے لیے کانگریس سے ملاقات کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم حزب اختلاف ریپبلکن جماعت کے بیشتر ارکان بندوق پر کنٹرول سے متعلق کسی بھی قانون کے خلاف ہیں۔