انتخابات سے کچھ عرصہ قبل بنگلہ دیش کےنئے صدر کی تقرری

ڈھاکہ، اپريل ۔ سابق جج اور حکمران جماعت کے عہدیدار محمد شہاب الدین نے عام انتخابات سے چند ماہ قبل بنگلہ دیش کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق صدارتی محل نے بتایا کہ 73 سالہ شہاب الدین ایک انسداد بدعنوانی کمشنر تھے اور مبینہ طور پر ’ملک کی 1971 کی جنگ آزادی میں لڑے بھی تھے‘۔صدر کے سیکریٹری شمپد باروا نے کہا کہ ’انہوں نے آج عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے 22 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا‘ ۔انہیں فروری میں قانون سازوں کی جانب سے منتخب کیا گیا تھا جب حکمران عوامی لیگ پارٹی نے پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بجائے انہیں اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔شہاب الدین نے عبدالحمید کی جگہ لی ہے جو ایک سابق اسپیکر اور عوامی لیگ کے رہنما ہیں، جن کی دوسری مدت پیر کو ختم ہو چکی ہے۔یہ انتخاب ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک کو جنوری میں 2024 میں ہونے والے اگلے عام انتخابات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے مظاہروں کا سامنا ہے۔حزب اختلاف نے حالیہ مہینوں کے دوران بڑے بڑے مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے مستعفی ہونے اور ایک نگران حکومت کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیاجارہا ہے۔اپوزیشن 2009 سے اقتدار میں رہنے والی حسینہ واجد پر گزشتہ دو انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتی آئی ہیں اور مغربی ممالک اور حقوق کے گروپوں نے بھی خدشات کا اظہار کیا تاہم انہوں نے استعفیٰ دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔اگر حسینہ واجد کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا یا احتجاج افراتفری کا شکار ہو گیا تو دوسری صورت میں رسمی صدارتی دفتر ایک بڑا کردار ادا کر سکتا ہے، اگرچہ شہاب الدین کو اپنے نئے عہدے پر بہت کم اختیارات حاصل ہیں لیکن وہ اب فوج کی نگرانی کرتے ہیں۔چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے پیر کو شہاب الدین کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔چین اور مغربی ممالک 17 کروڑ آبادی والے جنوبی ایشیائی ملک میں اثر و رسوخ کے لیے کوشاں ہیں، بیجنگ اپنے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت وہاں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

Related Articles