معاشی بحران کے باعث سری لنکا اور آسٹریلیا کے میچوں کا شیڈول تبدیل کیا گیا
کولمبو، مئی۔سری لنکا میں جاری اقتصادی بحران کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ وائٹ بال میچوں کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے۔آسٹریلیائی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان 7 سے 24 جون تک کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے ایندھن کی قلت کی وجہ سے دن کے وقت ہوں گے۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ فلڈ لائٹس کے استعمال سے بچا جا سکے۔سری لنکا کرکٹ گراؤنڈ کی لائٹس جنریٹروں کی مدد سے روشن ہوتی ہیں اور اگرچہ ایندھن کی کھیپ کچھ ہی عرصہ قبل ملک میں پہنچی ہے، تاہم حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ اس وقت قلیل وسائل کو استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔اخبار نے اطلاع دی ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ابھی تک اس کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن آسٹریلیا کے کرکٹ عہدیدار کے قریبی ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ سری لنکا میں جاری بحران کی وجہ سے کھلاڑی اس دورے کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں تاہم یہ دورہ منصوبہ بندی کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیائی کھلاڑی بدھ کو سری لنکا روانہ ہوں گے۔ اس دورے میں 29 جون سے 8 جولائی کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں کے علاوہ دو ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔