ارشدیپ سنگھ دباؤ میں اوربھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں: ہربھجن
نئی دہلی، مئی۔ہندوستان کے سابق اسپنرہربھجن سنگھ نے آئی پی ایل 2022 میں دباؤ کے حالات میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنے کے لئے پنجاب کنگز کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ کی تعریف کی ہے۔اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ لائیو پر بات کرتے ہوئے، ہربھجن نے کہا، ’’ارشدیپ سنگھ کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ ایک نڈر کھلاڑی ہیں۔ ان کے پاس شیر کا دل ہے۔ ایک طرف جہاں کئی کھلاڑی دباؤ میں بکھرجاتے ہیں، ارشدیپ سنگھ دباؤ میں نکھرجاتے ہیں۔ ان کے پاس اتنا اعتماد ہے کہ وہ دباؤ کے حالات میں اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ میں نے انہیں ایک میچ کے دوران کاگیسو ربادا کو مشورہ دیتے ہوئے دیکھاتھا۔انہوں نے کہا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کھیل میں کس قدر شامل ہیں اور سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے خیالات کا اشتراک کرنے میں شرم محسوس نہیں کرتے۔ وہ آخری اووروں میں اپنی مرضی سے یارکر ڈالتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ اس معیار کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کو ہندوستانی ٹیم میں ضرورجگہ ملنی چاہیے۔سابق ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان نے بھی دھونی اور ہاردک جیسے کھلاڑیوں کو آخری اوورز میں خاموش رکھنے کے لئے ارشدیپ کی تعریفوں کے پل باندھے ہیں۔عرفان نے کرکٹ لائیو پر کہا، ’’ارشدیپ ایک خاص کھلاڑی ہیں۔ وہ نوجوان ہیں، درست اور اعتماد سے لبریزہیں۔ یہ تمام خوبیاں انہیں اپنی عمر کے دوسرے گیندبازوں سے مختلف بناتی ہیں۔ وہ آخری اوورز میں دھونی اور پانڈیا جیسے کھلاڑیوں کوخاموش رکھتے ہیں جو ان کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ارشدیپ پیر کو دہلی کیپٹلس اور پنجاب کنگز کے درمیان ہونے والے آئی پی ایل میچ میں نظر آئیں گے جہاں دونوں ٹیمیں پلے آف میں جگہ بنانے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لئے اتریں گی۔