پرتیک گاندھی نے ممبئی پولیس کیساتھ ناخوشگوار واقعہ شیئر کردیا
ممبئی ،اپریل۔بولی وڈاداکار پرتیک گاندھی نے ممبئی پولیس کے جارحانہ رویہ پر بات کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا۔ اداکار نے شیئر کیا کہ ٹریفک جام کی وجہ سے وہ شوٹنگ کے مقام تک پہنچنے کے لیے پیدل جارہے تھے کہ اچانک ممبئی پولیس نے انہیں پکڑ لیا اور بغیر کسی بات چیت کے انہیں گودام میں لے گئے۔ ویب سیریز اسکیم 1992 کے اداکار نے ممبئی پولیس کے ساتھ پیش آنے والے اپنے ایک تجربہ کو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ممبئی کے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے میں کسی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے پورا ٹریفک جام تھا، اس لیے میں اپنی شوٹنگ لوکیشن پر جلدی پہنچنے کے لیے پیدل ہی چلنے گا اور اسی وقت ایک پولیس افسر نے مجھے کندھے سے پکڑ کر کسی ماربل کے گودام لے گئے اور وہ بھی بغیر کسی بات چیت کے۔ پرتیک کے اس ٹویٹ پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے اور بتایا کہ لتا دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈ قبول کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت شہر میں آئے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ وزیراعظم مودی یہاں ہیں اور لگتا ہے کہ پرتیک وزیراعظم کے دورے سے واقف نہیں ہیں۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ مجھے نہیں معلوم تھا۔ وہیں ایک اور سوشل میڈیا صارف لکھتے ہیں کہ تو کیا ہوا وزیراعظم یہاں ہیں؟ کیا ہمیں کام پر نہیں جانا چاہیے؟ اگر وہ عوام کو کچھ نوٹس دیتے تب اس صورتحال سے بچا جا سکتا تھا۔اس کے علاوہ پرتیک کی آئندہ پروجیکٹ کی بات کریں تو وہ آخری بار تگمانشو دھولیا کی دی گریٹ انڈین مرڈر میں نظر آئے تھے۔ اس کے بعد وہ تاپسی پنو کے ساتھ فلم وہ لڑکی ہے کہاں میں نظر آنے والے ہیں۔