راشد زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں
ممبئی، اپریل ۔ افغان لیگ اسپنر راشد خان نے ٹاپ ممالک کے خلاف زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ 23 سالہ اسپنر نے کہا کہ یہ ایک کھلاڑی کے لیے مایوس کن ہےکہ آپ کو بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع نہیں ملتا۔افغانستان نے 2017 میں ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد سے چھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ ان میں سے پانچ میچوں میں راشد بھی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ افغان ٹیم نے نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ میں ٹیسٹ میچ کھیلنا تھا لیکن طالبان کے دور حکومت میں خواتین کی کرکٹ پر غیر یقینی صورتحال کے باعث آسٹریلوی بورڈ نے ٹیسٹ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔ راشد نے اس پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسٹیون اسمتھ اور مارنس لیبسچین جیسے ٹاپ بلے بازوں کے خلاف اپنی مہارت دکھانے سے محروم رہے۔آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کی طرف سے کھیلتے ہوئے راشد نے کہاکہ "یہ مایوس کن ہے کیونکہ ایک کھلاڑی کے طور پر آپ اس طرح کے بڑے میچوں کا انتظار کرتے ہیں۔ آپ ان بڑے میچوں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو بھی نکھارتے ہیں۔ ہم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کا بھی انتظار کر رہے تھے۔ لیکن بعض اوقات چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتی ہیں۔‘‘تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ان کی ٹیم کو ٹیسٹ میچ کھیلنے کے مزید مواقع ملیں گے۔ راشد نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ اپنے آپ کے گیندبازوں کو زیادہ وسیع کرتے ہیں کیونکہ اس میں طویل اسپیل کرنے کا موقع ہوتا ہے۔