4 ملکی سیریز وقت کی ضرورت،پیسہ بہت، آئی سی سی بہادری دکھائے، رمیز

کراچی،اپریل۔پی سی بی چیف رمیز راجا کا کہنا ہے کہ چار ملکی ٹورنامنٹ وقت کی ضرورت اوراس میں بہت پیسہ ہے۔ آئی سی سی کو بہادری دکھانے کی ضرورت ہے ، ٹی20لیگز کی وجہ سے دو طرفہ سیریز تقریباً ختم ہوگئی ہیں ، اس ٹورنامنٹ کو کرانا چیلنج ہے۔ ساڑھے چھ سو ملین ڈالرز کی بڑی آمدنی ہوگی۔ ہم نئے ایف ٹی پی میں تین قومی ٹورنامنٹ بھی کرانا چاہتے ہیں۔ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ بھی پاکستان میں کرانا چاہتے ہیں۔ جون میں ویسٹ انڈیز کی سیریز کورونا ایس او پیز کے بغیر عام ماحول میں کرائی جاسکتی ہے لیکن اس میں خطرہ یہ ہوتا ہے کہ اگر کسی ایک کھلاڑی کو کورونا ہوجاتا ہے تو اتنی دور سے مزید کھلاڑی منگوائے نہیں جاسکتے۔ ہمیں اپنے میڈیکل بورڈ سے یہی رائے ملی ہے کہ سیریز ریلکس ماحول میں کرائی جاسکتی ہے۔ پہلے کی طرح خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریں اثنا انہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کو 38روزہ تاریخی دورے میں شاندار اور سنسنی خیز کرکٹ کھیلنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ15روز پر مشتمل تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے فاتح کا تعین سیریز کے آخری گھنٹے میں ہوا ، دونوں ٹیموں کی جانب سے اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ ایک دوسرے کے لیے مثالی احترام کا مظاہرہ کیا گیا۔ بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان کے اندر اور باہر اسپرٹ آف کرکٹ اور کھیل کی اقدار کو پروان چڑھایا۔ آسٹریلین کھلاڑی اور آفیشلز حسین یادیں لیے گھر روانہ ہورہے ہیں، جہاں وہ پاکستان کے بڑے وکیل اور خیر سگالی کے سفیر بنیں گے۔

 

Related Articles